Published From Aurangabad & Buldhana

ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 259170 نئے کورونا کے معاملے، ایک دن میں سب سے زیادہ اموات

نئی دہلی: کورونا وائرس کے معاملوں میں اضافہ کا سلسلہ لگاتار جاری ہے۔ مرکزی وزارت صحت کی طرف سے جاری اعدادوشمار کے مطابق منگل کے روز ملک میں ایک بار پھر ڈھائی لاکھ سے زیادہ کیسز کی تصدیق کی گئی۔ یہ لگاتار چوتھا دن ہے جب ملک میں ڈھائی لاکھ سے زہادہ کیسز کی تصدیق کی گئی۔

وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 259170 نئے معاملے رپورٹ ہونے کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 15321089 ہو گئی۔ وہیں اس دورانیہ میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد سب سے زیادہ 1761 رہی، جس کے بعد ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد بڑھ کر 180530 ہو گئی۔ تشویش ناک بات یہ ہے کہ ملک میں فعال کیسز کی تعداد 20 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ مرکزی وزارت صحت کے مطابق ملک میں فی الحال 2031977 افراد کا یا تو علاج چل رہا ہے یا پھر وہ ڈاکٹروں کی ہدایت پر خانہ قرنطینہ میں وقت گزار رہے ہیں۔

ملک میں تاحال 13108582 افراد کورونا کی وبا کو مات دے چکے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 154761 لوگوں نے اس وبا سے شفایابی حاصل کر لی۔ ملک میں کورونا کی ابتر صورت حال کے دوران نظام صحت کی پول بھی پوری طرح کھل چکی ہے۔ نہ اسپتالوں میں بستر دتیاب ہیں اور نہ ہی ادویات میسر ہو پا رہی ہیں۔ آکسیجن کے لئے بھی تیمار دار بد حواس حالت میں دربدر بھٹک رہے ہیں۔ اتنا ہی نہیں سلینڈروں کے لئے جھگڑے اور مار پیٹ تک ہو رہی ہے۔ دریں اثنا، بڑے شہروں میں لاک ڈاؤن کے سبب مہاجر مزدور بھی بوریا بستر سمیٹ کر اپنے گاؤں کی طرف چل پڑے ہیں۔ پیر کے روز سے شروع ہونے والا مہاجر مزدوروں کی واپسی کا سلسلہ ہر گھنٹے کے ساتھ شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔

قومی آواز

You might also like

Subscribe To Our Newsletter

You have Successfully Subscribed!