Published From Aurangabad & Buldhana

کرکٹر مرلی وجئے نے بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہا، کرکٹ کی دنیا میں نئے مواقع تلاش کرنے کی خواہش

ہندوستانی کے سلامی بلے باز مرلی وجئے نے بین الاقوامی کرکٹ کے سبھی فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ مرلی وجئے نے آخری بار 2018 کے پرتھ ٹیسٹ میں ہندوستان کی نمائندگی کی تھی جبکہ ان کی ریاستی ٹیم تمل ناڈو کے لیے ان کا آخری میچ دسمبر 2019 میں رنجی ٹرافی میں ہوا تھا۔ انھوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعہ ایک آفیشیل بیان جاری کیا ہے جس میں کہا ہے کہ ’’آج میں بین الاقوامی کرکٹ کے سبھی فارمیٹ سے سبکدوشی کا اعلان کرتا ہوں۔ 18-2002 کا میرا سفر میری زندگی کا سب سے شاندار سال رہا ہے، کیونکہ یہ کھیل کی اعلیٰ سطح پر ہندوستان کی نمائندگی کرنے کا اعزاز تھا۔‘‘

واضح رہے کہ ہندوستان کے لیے اپنے 61 ٹیسٹ میں مرلی وجئے نے 38.29 کی اوسط سے 3982 رن بنائے، جس میں 12 سنچری اور 15 نصف سنچری شامل تھے۔ وہ 2014 کے انگلینڈ کے ٹیسٹ دورے میں سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑی بھی تھے۔ انھوں نے ہندوستان کے لیے 17 وَنڈے اور 9 ٹی-20 میچ میں بھی حصہ لیا، جس میں بالترتیب 339 اور 169 رن بنائے۔ اپنے فرسٹ کلاس کیریر میں وجئے نے 135 میچ کھیلے ہیں جن میں 25 سنچری اور 38 نصف سنچری کی مدد سے 9205 رن بنائے۔ آئی پی ایل میں انھوں نے 2010، 2011 اور 2018 میں ٹرافی جیتنے والی چنئی سپرکنگز ٹیم کے اہم رکن تھے۔


مرلی وجئے نے سوشل میڈیا پر جو بیان جاری کیا ہے اس میں کہا ہے کہ ’’میں ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی)، تمل ناڈو کرکٹ ایسو سی ایشن (ٹی این سی اے) اور چنئی سپرکنگز کے ذریعہ مجھے دیے گئے مواقع کے لیے شکرگزار ہوں۔‘‘ انھوں نے مزید لکھا کہ ’’میری ٹیم کے سبھی ساتھیوں، کوچوں، مینٹرس اور معاون اسٹاف کے ساتھ لمحہ گزارنا خوش قسمتی کی بات ہے، اور میں آپ سبھی کو میرے خواب کو حقیقت میں بدلنے میں مدد کرنے کے لیے شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘‘

وجئے نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ ’’کرکٹ شیدائیوں نے بین الاقومی کرکٹ کے نشیب و فراز کے بعد بھی میری حمایت کی ہے۔ میں ہمیشہ ان لمحات کو سنبھال کر رکھوں گا جو میں نے آپ سبھی کے ساتھ گزارے ہیں اور آپ کی حمایت ہمیشہ میرے لیے ترغیب کا ذریعہ رہی ہے۔‘‘ آخر میں انھوں نے کہا کہ ’’میں اپنے کنبہ اور دوستوں کو میرے کیریر کے دروان محبت و حمایت کے لیے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ ان کے بغیر میں وہ حاصل نہیں کر پاتا جو آج میرے پاس ہے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے بتایا کہ ’’میں یہ اعلان کرنے کے لیے پُرجوش ہوں کہ میں کرکٹ کی دنیا میں نئے مواقع کی تلاش کروں گا، جہاں میں اس کھیل میں بھی شریک لینا جاری رکھوں گا جسے میں محبت کرتا ہوں اور نئے ماحول میں خود کو چیلنج دے سکتا ہوں۔

قومی آوازبیورو

You might also like

Subscribe To Our Newsletter

You have Successfully Subscribed!