Published From Aurangabad & Buldhana

پاکستان کرکٹ ٹیم کے مزید 7کھلاڑیوں کورونا ٹیسٹ میں مثبت پائے گئے

اسلام آباد : انگلینڈ کا دورہ کرنے والی پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مزید 7 کرکٹرز کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر وسیم خان نے منگل کی شام ویڈیو لنک کے ذریعے میڈیا کو بتایا کہ محمد حفیظ، وہاب ریاض، محمد رضوان، محمد حسنین، فخر زمان، عمران خان اور کاشف بھٹی کے کووڈ 19 ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم سپورٹنگ سٹاف میں شامل ملنگ علی کا بھی ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔


یاد رہے کہ پیر کو تین کھلاڑیوں شاداب خان، حارث رؤف اور حیدر علی کے کورونا ٹیسٹ پازیٹیو آئے تھے۔ اس طرح انگلینڈ کے دورے کے لیے اعلان کردہ 29 رکنی سکواڈ میں سے دس کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آچکے ہیں۔

وسیم خان کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم کا دورۂ انگلینڈ معمول کے مطابق ہوگا اور ٹیم 28 جون کو انگلینڈ روانہ ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ جن دس کھلاڑیوں کے نتائج مثبت آئے ہیں وہ آئسولیشن میں رہیں گے اور اس کے بعد ان کے دوبارہ ٹیسٹ ہوں گے اور کلیئر ہونے کی صورت میں وہ انگلینڈ کا دورہ کرسکیں گے۔

وسیم خان نے کہا کہ ’یہ یقینی طور پر ایک مشکل صورتحال ہے جس کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے لیکن انگلینڈ کا دورہ اس لیے اہم ہے کہ ہمیں کرکٹ واپس لانی ہے۔ اگلے اٹھارہ ماہ کے دوران کووڈ اور کرکٹ اکٹھے ہی رہیں گے‘۔

وسیم خان نے کہا کہ کھلاڑیوں کو پہلے ہی گائیڈ لائنز بتادی گئی تھیں اور انھیں یہ بھی کہا گیا تھا کہ ان کی فیملی میں اگر کسی کو کورونا کی علامات ظاہر ہوں تو وہ فوراً پاکستان کرکٹ بورڈ کو اطلاع دیں۔ تاہم وسیم خان نے کھلاڑیوں کے خلاف کسی کارروائی کے امکان کو رد کیا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پیر کو 28 کرکٹرز اور کوچنگ سٹاف کے کورونا ٹیسٹ لیے تھے۔ پہلے مرحلے میں جن کرکٹرز کے نتائج نیگیٹیو آئے ہیں ان کرکٹرز کے کورونا ٹیسٹ 25 جون کو دوبارہ کیے جائیں گے جن کے نتائج 27 جون کو سامنے آئیں گے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم 28 جون کو چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے مانچسٹر روانہ ہوگی۔

شعیب ملک کا ٹیسٹ بعد میں لیا جائے گا۔ انھیں پاکستان کرکٹ بورڈ نے خصوصی اجازت دی ہے کہ وہ اپنی فیملی سے ملاقات کے بعد 24 جولائی کو انگلینڈ پہنچ سکیں گے۔ بولنگ کوچ وقار یونس اور فزیو کلف ڈیکن کے ٹیسٹ بھی بعد میں لیے جائیں گے۔ وقار یونس آسٹریلیا اور کلف ڈیکن جنوبی افریقہ سے براہ راست انگلینڈ پہنچ کر ٹیم میں شمولیت اختیار کریں گے۔

اس بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے درمیان یہ طے پا چکا ہے کہ ایسے کھلاڑیوں کو جو بعد میں انگلینڈ جائیں گے انھیں وہاں داخلے کی خصوصی اجازت دی جائے گی۔ اسی طرح شعیب ملک کے معاملے میں بھی انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے یہ اجازت دے دی ہے کہ وہ بعد میں انگلینڈ میں داخل ہو سکتے ہیں۔

You might also like

Subscribe To Our Newsletter

You have Successfully Subscribed!