Published From Aurangabad & Buldhana

ممبئی بم دھماکوں کے سزا یافتہ مجرم یوسف میمن کا ناسک جیل میں ہوا انتقال

ممبئی : 1993 سلسلہ وار بم دھماکوں کے سزا یافتہ مجرم اور مفرور ملزم ٹائیگر میمن کے چھوٹے بھائی یوسف میمن کی جمعہ کے روز ناسک سینٹرل جیل میں حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے موت واقع ہوگئی۔

یوسف میمن نفسیاتی مرض میں مبتلا تھا اور سیزوفیرنیا نامی بیماری اسے لا حق ہوئی تھی ممبئی کی ٹاڈا عدالت میں اسے عمر قید کی سزا سنائی تھی جس کے بعد وہ ناسک جیل میں مقید تھا۔گذشتہ برس سپریم کورٹ نے اسے طبی بنیاد پر چند ماہ کی ضمانت دی تھی جس کے خاتمے کے بعد اسے دوبارہ جیل میں حاضر ہونا پڑا تھا ممبئی میں مقیم میمن خاندان کی پیروی کرنے والی وکیل فرحانہ شاہ نے بتایا کہ یوسف میمن پر ٹاڈا عدالت نے بم دھماکوں کی سازش میں حصہ لینا اور دیگر الزامات کے تحت عمر قید کی سزا سنائی تھی۔

ناسک نے پولس کمشنر وسواش ناگرے پاٹل نے یوسف میمن کی موت کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ اس کی لاش کو دھولیہ میں پوسٹ مارٹم کیلئے روانہ کیا جائے گا تاکہ موت کا پتہ لگ سکے۔ یوسف میمن کے ایک بڑے بھائی یعقوب میمن کو 2015 میں پھانسی کی سزا دی گئی تھی اور ناگپور سنٹرل جیل میں تختہ دار پر لٹکانے کے بعد ان کی تدفین ممبئی کے مرین لائن قبرستان میں عمل میں آئی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یوسف میمن کی تدفین بھی اسی قبرستان میں عمل میں آئے گی اور اسکے لئے اس کے چند رشتہ دار ناسک جیل حکام سے رابطہ قائم کئے ہوئے ہے کہ کسی طرح سے پوسٹ مارٹم کے بعد اس کی لاش کو ممبئی لایا جائے تاکہ ممبئی میں تدفین عمل میں آسکے۔

واضح رہے کہ بابری مسجد کی شہادت اور اسکے بعد ممبئی میں ہوئے فرقہ وارانہ فسادات کے بعد 12 مارچ 1993 کو ممبئی کے 12 مقامات پر سلسلہ وار بم دھماکے ہوئے تھے جس میں 315 افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوئے تھے جبکہ کروڑوں روپے کی املاک تباہ ہو گئی تھیں۔

یو این آئی

You might also like

Subscribe To Our Newsletter

You have Successfully Subscribed!