Published From Aurangabad & Buldhana

ملک میں پچھلے 24 گھنٹوں میں کورونا کے 18522 نئے کیس ہوئے ریکارڈ، اب تک متاثرین کی کل تعداد 5لاکھ 66 ہزار تک پہنچی

نئی دہلی : ملک میں کورونا وائرس کی خوفناک صورتحال کے درمیان گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران متاثرین کے 18 ہزار سے زیادہ نئے کیسز کی اطلاع ملی ہے جس سے متاثرین کی مجوعی تعداد 5.66 لاکھ کو عبورکرچکی ہے۔ صحت و خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کی جانب سے منگل کے روز جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5،66،840 ہوگئی ہے جس میں کوروناوائرس کے 18،522 نئے کیسز بھی شامل ہیں۔ حالانکہ راحت والی بات یہ ہے کہ گذشتہ دو دنوں سے کورونا متاثرین کے یومیہ کیسز میں کمی ریکارڈ کی جارہی ہے۔ جبکہ اتوار کے روز وائرس کے 19،906 کیسز درج ہوئے تھے۔ پیر کے روز 19،459 کیسز سے کچھ کم ہی رپورٹ ہوئے تھے اور آج ہی 18،522 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔


گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 418 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جس سے ہلاک شدگان کی تعداد بڑھ کر 16،893 ہوگئی ہے۔ دوسری جانب اس بیماری سے شفایاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے اور اسی عرصہ میں 13،099 مریض ٹھیک ہوئے،مجموعی طور پر اب تک ملک میں 3،34،822 مریض شفایاب ہوچکے ہیں ۔ تاہم ، اس وقت ملک میں کورونا وائرس کے 2،15،125 فعال کیسز موجود ہیں۔

ریاست مہاراشٹر کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 5257 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور181 افراد ہلاک ۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر1،69،883 اور ہلاک شدگان کی تعداد 7،610 ہوگئی ہے۔ ریاست میں 88،960 افراد شفایاب ہوئے ہیں۔

دارالحکومت دہلی میں بھی کورونا کی وبا نے تباہی مچائی ہے اور متاثرین اور اموات کے لگاتار بڑھتے اعداد و شمار کے بعد اب یہ ملک میں دوسرے نمبر پر آگیا ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں2084 نئے کیسز سامنے آنے کے ساتھ متاثرین کی مجموعی تعداد 85،161 تک پہنچ گئی ۔اسی عرصہ میں 57 مریضوں کی ہلاکت کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 2680 ہوگئی۔ دارالحکومت میں 56،235 مریض شفایاب ہوئے ہیں ، جن کو مختلف اسپتالوں سے فارغ کیا گیا ہے۔

You might also like

Subscribe To Our Newsletter

You have Successfully Subscribed!