فضائی آلودگی کے معاملہ میں ممبئی نے دہلی کو پیچھے چھوڑا، ملک کا سب سے آلودہ شہر بنا، دنیا میں اس نمبر پر آیا
ممبئی : قومی دارالحکومت دہلی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ممبئی ملک کا سب سے آلودہ شہر بن گیا ہے۔ سوئس ایئر ٹریکنگ انڈیکس IQAir ، ایک ریئل ٹائم ایئر کوالٹی مانیٹر کے مطابق ممبئی کو 29 جنوری سے 8 فروری کے درمیان ایک ہفتے کے لئے ہندوستان میں سب سے زیادہ آلودہ شہر اور عالمی سطح پر دوسرا آلودہ شہر قرار دیا گیا ہے۔ ہندوستان ٹائمز میں شائع رپورٹ کے مطابق 29 جنوری کو ممبئی کو سب سے خراب شہر کی درجہ بندی میں 10 ویں نمبر رکھا گیا تھا۔ وہیں 2 فروری کو ممبئی کو دوسرے نمبر پر رکھا گیا۔ حالانکہ 13 فروری کو ممبئی نے ہندوستان کے سب سے آلودہ شہر کے طور پر دہلی کو پیچھے چھوڑ دیا اور ہوا کے معیار کے لحاظ سے دنیا بھر میں دوسرا آلودہ شہر بن گیا۔
سی پی سی بی کے اعداد و شمار کے مطابق اس سال نومبر اور جنوری کے درمیان ممبئی میں گزشتہ تین سردیوں کے مقابلہ میں ‘خراب’ اور ‘بے حد خراب’ دنوں کی تعداد دوگنی سے بھی زیادہ تھی۔ نیشنل انوائرمینٹل انجینئرنگ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ اور آئی آئی ٹی بامبے کی 2020 کی تحقیق کے مطابق ممبئی کی ہوا میں 71 فیصد سے زیادہ پارٹیکولیٹ میٹر لوڈ کی وجہ سڑک یا تعمیراتی دھول ہے۔ فیکٹریوں، پاور پلانٹس، ہوائی اڈوں اور کچرے کے ڈھیروں نے ممبئی کی ہوا کو سانس لینے کے لیے سب سے گندا بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
IQAir, ایک سوئس ایئر ٹریکنگ انڈیکس ور ایک ریئل ٹائم ورلڈ وائڈ ایئر کوالیٹی مانیٹر ہے جو UNEP اور گرین پیس کے ساتھ مل کر کام کرتا ہے۔ یہ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے ڈیٹا کا استعمال کرتے ہوئے ہندوستان میں ہوا کے معیار کی پیمائش کرتا ہے۔
امریکی ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) کے معیارات کے مطابق شہروں کو ‘صحت مند’، ‘غیر صحت مند’ اور ‘خطرناک’ کے زمروں میں تقسی کیا گیا ہے ، جو ہندوستان کے مقابلہ زیادہ سخت ہیں۔ نئی فہرست کے مطابق پاکستان میں لاہور کو دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار دیا گیا ہے۔ ممبئی دوسرے نمبر پر جبکہ کابل تیسرے نمبر پر ہے۔
ہندوستان کی راجدھانی اس فہرست میں ٹاپ ٹین آلودہ شہروں سے غائب ہے ۔ حالانکہ دہلی میں آلودگی کی سطح ابھی بھی مقررہ معیارات کے مطابق انتہائی خطرناک حالت میں ہے۔