Published From Aurangabad & Buldhana

سر سید کالج کی جانب سے ”یاد پروفیسر محمد تلاوت علی“ تعزیتی نشست کا انعقاد

شہر اورنگ آباد کی علمی شخصیات میں سر فہرت جو نام لیا جاتا ہے مشہور زمانہ استاد الاساتذہ پروفیسر محمد تلاوت علی صاحب کا ہے۔مرحوم نے شہر اورنگ آباد کے لیے اور بالخصوص مسلم خواتین کی تعلیم و تعلم کے لیے جس طرح کی کوششیں کی ہیں وہ قابل ذکر ہیں۔ آپ نے سر سیدکالج جیسا ادارہ مسلم اقلیتی علاقے میں قائم کر بے لوث خدمات انجام دیں۔ ہمیشہ ملت کی فکر اور جہد مسلسل سے ایسا کیمپس تیار کر دیا جہاں سے ہر سال سیکڑوں طلبا و طالبات اپنی تربیت کاسامان حاصل کر تے ہوئے معاشرے میں قوم و ملت کا نام روشن کر رہے ہیں۔آپ کی اچانک وفات نے تعلیمی حلقوں میں ایک خلاءپیدا کر دیا ۔ آپ کو اور آپ کے افکا ر کو یاد کرنے کی خاطر سر سید کالج اوررہبر ایجوکیشنل کلچرل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کی چیئرپرسن ، ڈاکٹر شمامہ پروین کی جانب سے ایک تعزیتی نشست ”یاد پروفیسر محمد تلاوت علی“ بروز28 اگست 2021کو منعقد کی گئی۔
اس تعزیتی نشست میں بطور مہمانی خصوصی شری وکرم کاڑے(ایم۔ایل۔سی) شامل رہے جبکہ نشست کے صدر ڈاکٹر اے۔ جی خان تھے۔ دیگر معزز مہمانان میں ڈاکٹر عبدالشفیع ،ڈاکٹرایم ڈی جاگیر دار،عبد الحسین ، نورالحسنین ، شارق نقشبندی صاحبان شامل تھے۔اس نشست میں مرحوم کے نواسے ہمدان عامر بھی بطور خاص شامل تھے ۔
نشست کے آغاز میں کالج کی طالبہ منتشا فاطمہ اور طالب علم اسرا ر احمد کے بعد فردوس فاطمہ رمضانی ، پروفیسر چترا جین ، ڈاکٹر نشاط پروین ، پرفیسر ملند جادوھو اور ظہیر کرمانی نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ان تمام نے پروفیسر محمد تلاوت علی صاحب سے اپنے قلبی تعلق کا ذکر کیا۔اس کے بعد ایک ویڈیو کلپ کے ذریعے استاذ الاساتذہ پروفیسر محمد تلاوت علی صاحب کی زندگی کو پیش کیا گیا ۔
مہمان ِ خصوصی جناب شری وکر م کاڑے(ایم۔ایل۔سی)نے مرحوم پروفیسر محمد تلاوت علی صاحب کی تعریف کرتے ہوئے ان کے اور اپنے والد کے خاص تعلق کویاد کیا ۔مرحوم کی خوب تعریف کی ساتھ ہی والد کی راہ کو خود کے لیے چننے پر ڈاکٹر شمامہ پروین صاحبہ کے حوصلے کی خوب پذیرائی فرمائی۔
دیگرمعزز مہمانان میں مشہور فکشن نگار نورالحسنین ،اسٹپنگ اسٹون ہائی اسکول کے چیئر مین عبد الحسین ،ڈاکٹر عبد الشفیع سابق پرنسپل رفیق زکریا کیمپس،شارق نقشبندی چیف ایڈیٹر روزنامہ ایشیاءایکسپریس اورایم ڈی جاگیردار لیکچرر آزاد کالج صاحبان نے پروفیسرمحمد تلاوت علی صاحب کو یاد کرتے ہوئے آپ کی شائستہ باتوں ،آپ کی ہمت اور بیباک حوصلے ،آپ کی جہد مسلسل پر تعریف و توصیف کے کلمات ادا کیے ساتھ ہی ڈاکٹر شمامہ پروین چیئر پرسن، رہبر ایجوکیشنل کلچرل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کی کاوشات کو سراہا۔ ڈاکٹر عبدالشفیع نے مرحوم پر لکھے اپنے مضمون کو پڑھنے کی گزارش کی جسے عامر ہمدان فرزندڈاکٹر شمامہ پروین صاحبہ نے بطور اکرام پڑھا ۔جس میں مرحوم کی صفات کا ذکر اور ڈاکٹر شمامہ پروین صاحبہ کے حوصلے کی تعریف شامل تھی۔
عامر ہمدان نے اپنے نانا جان مرحوم کو یاد کرتے ہوئے بہت حساس جملوںمیں اپنے اور پروفیسرمحمد تلاوت علی صاحب کے خاص تعلق کو پیش کیا ۔ مرحوم کے تربیت کرنے کا طریقہ اور شفقت کے اظہار پر عامر ہمدان نے کئی واقعات کو پیش کرتے ہوئے اپنے نانا جان مرحوم کوجذباتی الفاظ میں یاد کیا ساتھ ہی ناناجان کے نقش قدم پر چلتی اپنی والدہ محترمہ ڈاکٹر شمامہ پروین، چیئر پرسن رہبر ایجوکیشنل کلچرل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کے ہمت و حوصلے کوسراہا ۔
نشست کے اختتام سے قبل ڈاکٹر شمامہ پروین صاحبہ نے تمام مہمانان، تمام اسٹاف اوروالد محترم کے رفقاءکا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ اپنے والد بزرگوار کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ”میں نے اپنے والد کو بہت قریب سے دیکھا۔ ان کے مسائل کو قریب سے جانا اور محسوس کیا ہے۔ والد محترم کی زندگی کبھی سہل نہ تھی ۔ مسلسل جدوجہد اور کالج کے لیے کوششیں کرنا ان کی زندگی کا مقصد خاص تھا جسے میں بخوبی محسوس کرتی رہی ہوں۔ والد محترم کے افکار، ان کے سکھائے گئے اخلاق اور ان کے کیے گئے بہترین کاموں کے باعث ان کے وجودکو آج بھی اپنے ساتھ محسوس کرتی ہوں۔مزید کہا کہ والدمحترم جو ذمہ داریاں ان پر ڈال گئے ہیں وہ بہت بڑی ہیں لیکن پختہ ارادے کے ساتھ وہ بھی اپنے والد ہی کی طرح ثابت قدم رہیں گی۔مرحوم کی تحریک کو آگے بڑھانا ان کی زندگی کااولین مقصد ہے۔ وہ اس ادارے کو بلندی کی جانب لے جائیں گی۔
نشست کے صدر ڈاکٹر ارتکاز افضل نے اپنے صدارتی خطبے میںمرحوم کواپنی نظم کے ذریعے یاد کیا اور آپ کی فکر و نظر کی تعریف کرتے ہوئے آپ کی بتلائی روش کو تمام کے لیے مشعل راہ کہا۔ ڈاکٹر شمامہ پروین ، چیئر پرسن رہبر ایجوکیشنل کلچرل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کے حوصلے اور کالج کے تمام ممبران کی محنتوں کی تعریف فرمائی۔اخیر میں پرنسپل ڈاکٹرشیخ کبیر احمد نے تمام معززان و حاضرین کا شکریہ ادا کیا ۔واضح ہو کہ 22 اگست 2021کو بھی ایک ویبینار ” یادپروفیسرمحمد تلاوت علی “ کے عنوان سے منعقد کیا گیا تھا جس میں علی ایم شمسی، ڈاکٹرکریم سالار ،ڈاکٹر محمد عمر،جیسی شخصیات بطور خاص شامل رہیں۔ ویبینارکے تمام مہمانان نے بھی مرحوم کی کاوشات کی تعریف کی اور رہبر ایجوکیشنل کلچرل اینڈ ویلفئیر سوسائٹی کی روح رواں محترمہ ڈاکٹر شمامہ پروین صاحبہ کا حوصلہ بڑھایا اور نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کے عز م و حوصلے کی تعریف فرمائی۔
اس تعزیتی نشست کے کنوینر پرنسپل ڈاکٹر شیخ کبیر احمد، ، ڈاکٹر وصی اللہ پٹھان ، ڈاکٹر شیخ محمد اظہر، محمد عرفان خان سوداگر تھے۔ نظامت کے فرائض ڈاکٹر محمد مصطفی خیری نے انجام دیے ، اس موقع پر کالج کا تمام اسٹاف ، طلباءوطالبات کے علاوہ معزز شہر یان ِاورنگ آباد بھی شامل رہے۔

You might also like

Subscribe To Our Newsletter

You have Successfully Subscribed!