سردی میں ہاتھوں کا حسن
جن لوگوں کی جلدنازک ہوتی ہے سردیوں کے موسم میں ان کے ہاتھوں کی جلد بہت اترتی ہے۔ اس کیلئے ایک گلاس گلاب کے عرق میں دو بڑے چمچے گلیسرین ایک بڑے لیموں کا رس ملا کر کسی بوتل میں محفوظ کرلیں۔ رات کو سوتے وقت مساج کریں اور صبح دھولیں اور کوئی اچھا سا لوشن لگائیں۔ پانی کاکام کم کریں یا دستانے استعمال کریں۔اس سے آپ کے ہاتھوں کا حسن برقرار رہے گا۔
سردیوں میں انگلیوں کا سوجنا بھی بڑا مسئلہ ہے اور انگلیوں میں درد بھی ہوتا ہے۔ اس کیلئے آٹا چھاننے سے جو بھوسی نکلتی ہے، اس میں نمک ملا کر پانی میں جوش دیں پھر جب پانی قدرے ٹھنڈا ہوکر نیم گرم رہ جائے تو اس میں پانچ منٹ ہاتھ ڈال کر رکھیں پھر نکال کر دھولیں اور کریم لگائیں۔
دہی خشکی کو کم کرتا ہے لیکن ایک بات کا خیال رکھیں کہ کچھ لوگوں کو دہی کے استعمال سے خشکی بڑھ جاتی ہے۔ اگر آپ کے ساتھ بھی یہی مسئلہ ہوتو دہی استعمال نہ کریں۔یہ سب جاننے کے بعد کچھ ایسے ٹوٹکوں کا ذکر بھی ضروری ہے جس سے آپ خود کو سردی سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔ رات سونے سے قبل گرم پانی میں لیموں کا رس ملا کر پینے سے سردی میں افاقہ ہوتا ہے۔
ادرک کا رس اور شہد ایک چمچ پینے سے فائدہ ہوتا ہے۔ دھوپ سینکیں مگر احتیاط کے ساتھ: اس موسم میں ہرکوئی جاڑوں کی دھوپ سے لطف اندوز ہونا چاہتا ہے لیکن یہ بھی یاد رکھیں کہ ضرورت سے زیادہ دھوپ سینکنا نقصان دہ ہے۔ اگر آپ کو سردی زیادہ لگ رہی ہے اور آپ سن باتھ لینا چاہتے ہیں تو یہ ضروری ہے کہ سن سکرین لوشن ضرور لگالیں۔ اس سے آپ کی جلد سورج کی نقصان دہ شعاعوں سے محفوظ رہے گی اور آپ دھوپ بھی سینک لیں گے۔ اگر ان آسان اور مفید ٹوٹکوں پر عمل کریں تو اس موسم سرما میں حسن کی حفاظت کرنا کوئی مسئلہ نہیں۔
(کسی بھی ٹوٹکے کو استعمال کرنے سے پہلے طبیب سے رابطہ ضرور کریں)