Published From Aurangabad & Buldhana

رمیس ای کے اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا کے نئے قومی صدر منتخب

ذمہ داران جماعت و ایس آئی او کے ساتھیوں نے دعاؤں کے ساتھ دی نیک خواہشات، آج مولانا آزاد ریسرچ سینٹر میں بعد مغرب استقبالیہ

اورنگ آباد: جماعت اسلامی ہند کے تحت طلبا میں کام کرنے والی تنظیم اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا نے اپنے نئے قومی صدر کا انتخاب کر لیا ہے۔ نئے قومی صدر کے طور پر ایس آئی او نے کیرالا کے رمیس ای کے کو منتخب کیا ہے۔ ایس آئی او جماعت کے ما تحت پچھلے ۴۰ سالوں سے طلبا میں اقامت دین کے لئے کام کر رہی ہے۔ ایس آئی او کے ذمہ داران کا انتخاب دو سالہ میقات کے لئے کیا جاتا ہے ۔ ایس آئی او کی موجودہ میقات کے صدر ممبئی مہاراشٹر کے سلمان احمد تھے جنہوں نے ۲۰۲۱۔۲۲ کی میقات کے لئے ایس آئی او کےقومی صدر کی ذمہ داری نبھائی۔

اب رمیس ای کے میقات ۲۰۲۳۔۲۴ کے لئے ایس آئی او کے نئے قومی صدر ہونگے۔ جناب رمیس ای کے کا تعلق کتیاڑی سے ہے جو کیرالا کے کوزی کوڈ ضلع میں ہے۔ رمیس ای کے یونیورسٹی آف حیدرآباد سے پولیٹیکل سائنس میں ایم اے کیا ہے اور فلحال جامعہ ملیہ اسلامیہ سے پی ایچ ڈی کر رہے ہیں۔ جناب رمیس ای کے اس سے قبل ایس آئی او کیرالا کی زونل ایڈوائزری کونسل کے رکن رہ چکے ہیں اور انہوں نے ایس آئی او دہلی کے کیمپس سیکریٹری کی ذمہ داری بھی سنبھالی ہے۔

یونیورسٹی آف حیدرآباد میں تعلیم کے دوران رمیس ای کے روہت ویمولا کی مہم میں پیش پیش رہیں ہیں۔ ساتھ ہی جامعہ میں تعلیم کے دوران سی اے اے این آر سی کی جامعہ کے احتجاج کے ذمہ داران میں بھی تھے۔
رمیس ای کے کا انتخابی عمل شہر اورنگ آباد ہی میں ایک اجتماع میں عمل میں آیا۔ پورے ملک سے آئے محتلف ریاستوں کے ایس آئی او کے نمائندوں نے جماعت اسلامی ہند کے قومی امیر جناب سید سعادت اللہ حسینی کی سرپرستی میں اپنے نئے قومی صدر کا انتخاب کیا۔ اسی مجلس میں ایس آئی او کی مرکزی شوری کا انتخاب بھی عمل میں آیا۔

رمیس ای کے کے انتخاب کے موقع پر شہر اورنگ آباد کے مولانا آزاد ریسرچ سینٹر میں آج بروز اتوار بعد نماز مغرب ایک استقبالیہ تقریب رکھی گئی ہے جس میں جماعت اسلامی ہند کے امیر سید سعادت اللہ حسینی، نائب امیر ایس امین الحسن اور ایس آئی او کے موجودہ صدر سلمان احمد بھی خطاب کریں گے۔

You might also like

Subscribe To Our Newsletter

You have Successfully Subscribed!