Published From Aurangabad & Buldhana

تیسرے ٹی-20 میں بھارت کی شرمناک شکست، سری لنکا سیریز پر 2-1 سے قابض

سری لنکائی اسپن گیند باز وانندو ہسارنگا کی خطرناک گیندبازی (4 اوور میں 9 رن پر 4 وکٹ) اور پھر بہترین بلے بازی (9 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 14 رن) کی وجہ سے سری لنکا نے بھارت کو تیسرے ٹی-20 میچ میں بہ آسانی 7 وکٹ سے شکست دے دی۔ بھارتی کپتان شکھر دھون نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا اور پھر جو وکٹوں کی پت جھڑ شروع ہوئی تو بڑی مشکل سے ٹیم کا اسکور 81 رن تک پہنچ پایا۔ 82 رنوں کا ہدف سری لنکا نے 14.3 اوور میں 7 وکٹ رہتے حاصل کر لیا۔ سری لنکا کی جانب سے سب سے زیادہ رن دھننجے ڈی سلوا (20 گیندوں میں ناٹ آؤٹ 23 رن) نے بنائے۔ سلامی بلے باز اوشکا فرنانڈو 12 رن بنا کر راہل چہر کا شکار ہوئے اور منود بھانوکا کو بھی راہل چہر نے 18 رن کے ذاتی اسکور پر آؤٹ کیا۔ سمارا وکرما کو تو راہل چہر نے محض 6 رن کے ذاتی اسکور پر بولڈ کر دیا۔ چہر نے 4 اوور میں محض 15 رن دے کر تین وکٹ حاصل کیے۔ بھارت کے کسی دیگر گیندباز کو وکٹ حاصل نہیں ہو سکا۔ اس طرح سے سری لنکا نے تین میچوں کی ٹی-20 سیریز پر 2-1 سے قبضہ کر لیا۔ سری لنکا نے دوسرے اور تیسرے ٹی-20 میں جیت کا پرچم لہرایا۔ ہسارنگا کو ان کی بہترین کارکردگی کے لیے مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔


اس سے قبل سری لنکا نے شاندار گیندبازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو تیسرے اور فیصلہ کن ٹی-20 مقابلے میں جمعرات کو 20 اوور میں آٹھ وکٹ پر 81 رن کے معمولی سے اسکور پر روک دیا۔ ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے بھارت کی شروعات بے حد خراب تھی اور اس نے 36 رن تک اپنے پانچ وکٹ گنوا دیے۔ کلدیپ یادو نے 28 گیندوں پر 16 رن بنا کر بھارت کو پوری طرح سے غرقاب ہونے سے بچا لیا۔

وانندو ہسارنگا نے چار اوور میں محض نو رن پر چار وکٹ لے کر ہندوستانی بلے بازی کی کمر توڑ دی۔ ہسارنگا نے رتوراج گائکواڈ 14، سنجو سیمسن 00، بھونیشور کمار 16 اور ورون چکرورتی 00 کو پویلین بھیجا۔ کپتان شکھر دھون کھاتہ کھولے بغیر پہلے اوور کی چوتھی گیندپر چمیرا کرونارتنے کا شکار ہو گئے۔ دیودت پڈیکل محض 9 رن بنا کر رمیش مینڈس کی گیند پر پویلین کو لوٹ گئے۔ نتیش رانا15 گیندوں میں چھ رن بنا کر کپتان داسُن شناکا کو ریٹرن کیچ تھما بیٹھے۔ آدھی ٹیم کے 36 رن پر پویلین لوٹ جانے کے بعد ہندوستانی بلے باز کسی طرح 20 اوور پورے کھیلنے میں کامیاب رہے۔

You might also like

Subscribe To Our Newsletter

You have Successfully Subscribed!