Published From Aurangabad & Buldhana

بارش کے باعث پانچواں ٹی ٹوینٹی میچ رد، سیریز 2-2 سے برابر

بنگلورو : جنوبی افریقہ کے خلاف گھر پر ٹی 20 سیریز جیتنے کا ٹیم انڈیا کا خواب ادھورا رہ گیا۔ سیریز کا پانچواں اور آخری میچ بارش کے باعث رد کر دیا گیا ہے۔ اس طرح سیریز 2-2 سے برابری پر ختم ہوگئی ہے۔ بھارت میں دونوں ٹیموں کے درمیان یہ تیسری دوطرفہ سیریز تھی۔ 2 سیریز برابر رہی جب کہ ایک میں جنوبی افریقہ کو جیت ملی ہے۔ میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بارش کی وجہ سے کھیل بند ہونے تک بھارت نے 2 وکٹوں پر 28 رنز بنا لیے تھے۔ جنوبی افریقہ نے سیریز کے پہلے 2 میچ جیتے تھے۔ اس کے بعد اگلے دو میچ جیت کر ریشبھ پنت کی قیادت میں ٹیم انڈیا نے زبردست واپسی کی تھی۔

اس سیریز سے پہلے بھارت میں 2015-16 میں کھیلی گئی 2 میچوں کی سیریز جنوبی افریقہ نے 2-0 سے جیتی تھی۔ پھر 2019-20 میں 2 میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر رہی تھی۔ اب 5 میچوں کی سیریز برابر پر ختم ہوئی۔ تیز گیندباز بھونیشور کمار نے سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے 4 میچوں میں 6 وکٹیں حاصل کیں۔ اس دوران اس کی اکنامی 6 کی رہی۔ انہیں پلیئر آف دی سیریز قرار دیا گیا۔

خیال رہے کہ بھارت کے سینئر کھلاڑیوں کو اس سیریز کے لیے آرام دیا گیا تھا۔ ایسے میں نوجوانوں کو اچھی کارکردگی دکھانے کا موقع ملا۔ ایشان کشن نے اس کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔ وہ سیریز میں 200 رنز بنانے والے واحد بلے باز رہے۔ انہوں نے 206 رنز بنائے۔ کوئی اور بلے باز 120 رنز کا ہندسہ بھی نہیں چھو سکا۔ جنوبی افریقہ کے ہینرک کلاسین 118 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

بھارتی کھلاڑیوں کا گیند بازی میں بھی جلوہ رہا۔ تیز گیند باز ہرشل پٹیل نے 7 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ بھونیشور کمار اور لیگ اسپنر یجویندر چہل دونوں نے 6-6 وکٹیں حاصل کیں۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے تیز گیند باز ڈوین پریٹوریئس نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔

You might also like

Subscribe To Our Newsletter

You have Successfully Subscribed!