Published From Aurangabad & Buldhana

T20 میں ویسٹ انڈیز کو 119رنز سے شکست دے کر

نیوزی لینڈ سریز پر قابض T20میں پاکستان سے پہلی پوزیشن چھن گئی

ماؤنٹ مونگانوئی:کولن منرو کی شاندار سنچری اور پھر بولرز کی نپی تلی بولنگ کی بدولت نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو سیریز کے تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں 119 رنز سے شکست دے کر سیریز دو صفر سے جیت لی ہے۔بدھ کو ماؤنٹ مونگانوئی میں کھیلے جانے والے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تو اوپنرز مارٹن گپتل اور کولن منرو نے ٹیم کو 12 اوورز میں 136 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ان دونوں بلے بازوں نے ویسٹ انڈیز نے تمام بولروں کے خلاف جارحانہ انداز اپنایا اور وکٹ کے چاروں جانب دلکش سٹروک کھیلے۔نیوزی لینڈ کو پہلا نقصان گپتل کی وکٹ کی شکل میں ہوا جو 38 گیندوں پر پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 63 رنز بنانے کے بعد وکٹوں کے پیچھے کیچ ہو گئے۔تاہم ان کا ساتھ دینے والے منرو نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور سنچری بنائی۔ انھوں نے 53 گیندوں پر 104 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 10 چھکے اور تین چوکے شامل تھے۔اس کارکردگی کی بدولت نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 243 رنز بنانے میں کامیاب رہی جو کہ ٹی 20 میں اس کا سب سے بڑا سکور ہے۔جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم آغاز سے ہی دباؤ کا شکار ہی اور اس کی ابتدائی دو وکٹیں صرف ایک کے سکور پر گر گئیں۔ اس کے بعد بھی وکٹیں گرنے کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا اور پوری ٹیم 17ویں اوور میں 124 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ویسٹ انڈین بلے بازوں میں فلیچر کے علاوہ کوئی بھی بلے باز وکٹ پر جم نہیں سکا۔ فلیچر نے 46 رنز کی اننگز کھیلی۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤدی نے تین جبکہ ٹرینٹ بولٹ اور اش سوڈھی نے دو، دو وکٹیں لیں۔اس ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ نیوزی لینڈ نے 47 رنز سے جیتا تھا جبکہ دوسرا میچ بارش سے متاثر ہونے کی وجہ سے بے نتیجہ رہا تھا۔

You might also like

Subscribe To Our Newsletter

You have Successfully Subscribed!