Published From Aurangabad & Buldhana

اورنگ آباد: گھاٹ کوپر بیسٹ بس بم بلاسٹ ‘کالوپورریلوے دھماکہ میں ملوث مشتبہ ملزم یحیےٰ خان سگما اسپتال سے گرفتار

گجرات اے ٹی ایس ممبئی کرائم برانچ کی مشترکہ کاروائی

اورنگ آباد: ۸؍اگست ( م خ)گجرات اے ٹی ایس اورممبئی کرائم برانچ نے آج اورنگ آباد کے سگمااسپتال علاقہ میں کاروائی کرتے ہوئے سولہ سال قبل گھاٹ کوپر بم بلاسٹ اوربارہ سال قبل احمد آبادکے قریب ریلوے بلاسٹ میں ملوث مشتبہ ملزم کو حراست میں لیا۔ اسے آج عدالت میں پیش کیاگیا جس کے بعد اسے گجرات پولس اپنے ساتھ لے گئی۔واضح رہے کہ گھاٹ کوپر بم بلاسٹ میں دو افرادہلاک اور پچاس سے زائد افرادزخمی ہوئے تھے۔ جبکہ احمد آبادریلوے بلاسٹ میں سینکڑوں لوگ زخمی ہوئے تھے۔اس ضمن میں گجرات اے ٹی ایس اور ممبئی کرائم برانچ نے مشترکہ کاروائی کی۔ مشتبہ ملزم یحیےٰ خان عبدالرحمن شیخ جوسعودی عربیہ میں برسر ملازمت ہے اسے اورنگ آبادکے سگمااسپتال سے حراست میں لیا۔پولس کواطلاع ملی تھی کہ وہ اورنگ آبادمیں اپنے رشتہ داروں سے ملاقات کیلئے آیاہواہے۔مینارہ مسجد قیصرکالونی جنسی کے ساکن یحیےٰ خان اپنی اہلیہ کے علاج معالجہ کیلئے سگما اسپتال پہنچے تھے ۔

ڈاکٹرکے معائنہ کے بعد ان کی اہلیہ نے اسپتال کے میڈیکل سے ادویات خریدیں۔پولس نے اسپتال کے سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی جس میں یحیےٰ خان اسپتال کے احاطہ میں پایاگیا۔ ذرائع نے بتایاکہ یحیےٰ خان کی گرفتاری سے کئی دہشت گردانہ واقعات سے پردہ اٹھنے کاامکان ہے اورکونسی دہشت گرد تنظیم کیلئے کام کرتاہے اسکابھی علم ہوگا۔۲۰۰۶ء میں احمدآبادکے قریب کالوپور میں ریلوے میں بلاسٹ ہواتھاجس میں کئی لوگ زخمی ہوگئے تھے۔اس بم کی تیاری میں یحیےٰ خان نے اہم رول اداکیاتھا اس طرح کی معلومات گجرات اے ٹی ایس کوملی تھی جس کے سبب یہ کاروائی انجام دی گئی۔سولہ سال قبل ۲۰۰۲ء میں یحیےٰ خان اوراس کا ساتھ عرفان احمدقریشی نے گھاٹ کوپر بیسٹ بس بم بلاسٹ میں ملوث تھے۔دھماکہ کے پانچ چھ ماہ بعدیحیےٰ خان سعودی عرب چلاگیاتھا۔

جبکہ عرفان احمد قریشی کوکچھ عرصہ قبل شہرکے عثمانپورہ علاقہ سے حراست میں لیاگیاتھا۔گزشتہ ایک سال سے گجرات اے ٹی ایس یحیےٰ خان پرنظریں رکھی ہوئی تھی۔منگل کو وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ سگمااسپتال آیاتھا۔علاج معالجہ کے بعداس کی اہلیہ نے اسپتال سے متصل میڈیکل سے ادویات خریدی۔ گجرات پولس نے اسپتال کے سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی۔ اسی طرح اسکی اہلیہ کی جانب سے خریدی گئی ادویات کی پرچی میڈیکل اسٹورسے حاصل کی۔منگل کی دوپہر تین بجے یحیےٰ خان کو تفتیش کیلئے حراست میں لیاگیا۔اس پرشبہ ہونے کے سبب اسے گجرات لے جایاگیاہے۔یحیےٰ خان سافٹ وےئر انجینئرہے اورمختلف دہشت گرد تنظیموں کیلئے کام کرتاہے۔ اسطرح کی معلومات گجرات پولس ذرائع سے موصول ہوئی ہے۔

You might also like

Subscribe To Our Newsletter

You have Successfully Subscribed!