Published From Aurangabad & Buldhana

کیسے کیسے چہرے!

ڈاکٹر محمد ہمایوں یعقوب

کہتے ہیں کہ چہرہ دل کا آئینہ ہوتا ہے۔ ہم دیکھتے ہیں کہ کسی کا چہرہ اْترا ہوا ہے، کسی کا بگڑا ہوا ہے، کسی کا چہرہ تمتا رہا ہے تو کسی کے چہرے پر ہوائیاں اْڑ رہی ہیں۔ کسی کے چہرے کا رنگ سرخ ہے تو کسی کا زرد وغیرہ۔ انسانی چہرے صرف اس دنیا میں ہی بدلتے رنگوں اور کیفیات کے ساتھ نہ ہوں گے بلکہ آخر ت میں بھی اس طرح کے مناظر دکھائی دیں گے۔ اس کی منظرکشی قرآنِ پاک میں جگہ جگہ کی گئی ہے۔
نیکوکاروں کے چہرے: رہے وہ لوگ جن کے چہرے روشن ہوں گے تو ان کو اللہ کے دامنِ رحمت میں جگہ ملے گی اور ہمیشہ وہ اسی حالت میں رہیں گے (اٰل عمرٰن )۔یہ بھی فرمایا گیا: ’’کچھ لوگ سرخ رو ہوں گے‘‘ (اٰل عمرٰن )۔ کہیں فرمایا گیا کہ ’’کچھ چہرے اس روز بارونق ہوں گے اپنی کارگزاری پر خوش ہوں گے‘‘(الغاشیہ )۔ اسی طرح ایمان والوں کے چہروں کا حال دنیا میں بھی بیان کیا گیا کہ ’’سجود کے اثرا ت ان کے چہروں پر موجود ہیں جن سے وہ الگ پہچانے جاتے ہیں‘‘(الفتح )۔صاحبِ ایمان لوگوں کے چہروں کا حال قیامت کے روز کیا ہوگا؟ یہ منظر بھی دیکھ لیں: ’’ان کے چہروں پر تم خوش حالی کی رونق محسوس کرو گے‘‘(المصطففین) ۔گویا ایمان داروں کے چہرے ان کی دلی کیفیات کا مظہر ہوں گے۔ اس کا اثر ان کے پْررونق اور چمکتے دمکتے چہروں سے خوب خوب عیاں ہوگا۔
مجرمین کے چہرے: جن کا منہ کالا ہوگا (ان سے کہا جائے گا کہ) نعمت پانے کے بعد تم نے کافرانہ رویہ اختیار کیا۔ اچھا! اس کفرانِ نعمت کے صلے میں عذاب کا مزا چکھو( اٰل عمرٰن )۔یعنی کفار و مجرمین کے چہروں سے جہالت و گمراہی کی سیاہی ٹپک رہی ہوگی اور ہیبت و دبدبے کی وجہ سے ان کی رنگت اْڑی جارہی ہوگی۔ چنانچہ فرمایا گیا: ’’ان کے چہروں پر ایسی تاریکی چھائی ہوگی جیسے رات کے سیاہ پردے ان پر پڑے ہوئے ہیں‘‘(یونس )۔ اسی طرح فرمایا گیا کہ: ’’آج جن لوگوں نے خدا پر جھوٹ باندھے ہیں قیامت کے روز تم دیکھ لو گے کہ ان کے منہ کالے ہوں گے‘‘(الزمر )۔
عذاب کو دیکھ کر چھرے کے تاثرات:منکرینِ حق جب روزِ قیامت عذاب کو دیکھ لیں گے، انھیں اپنی شامت صاف دکھائی دینے لگے گی اور پھر ان کے چہرے بھی ان کی دلی کیفیت کی چغلی کھا رہے ہوں گے۔ یہ وہ لوگ ہوں گے کہ دنیا میں وہ بڑے بڑے عہدوں پر فائز، بڑی بڑی جاگیروں کے مالک، سونے کا چمچ منہ میں لے کر پیدا ہوئے۔ عیش و عشرت میں پلے بڑھے۔یہی مال و دولت، عیش و عشرت ان کے قبولِ حق کی راہ میں دیوار ثابت ہوا۔ آخرت میں جب دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی انھیں صاف دکھائی دے گا تو چہرے بھی عجیب منظر پیش کر رہے ہوں گے۔آیئے ان چہروں کا حال جاننے کے لیے قرآنِ حکیم کی ورق گردانی کیجیے۔ فرمایا گیا: ’’کچھ چہرے اس روز خوف زدہ ہوں گے، سخت مشقت کر رہے ہوں گے، تھکے جاتے ہوں گے‘‘(الغاشیہ)۔ اسی طرح فرمایا گیا:’’اور کچھ چہرے اْداس ہوں گے اور سمجھ رہے ہوں گے کہ اْن کے ساتھ کمرتوڑ برتاؤ ہونے والا ہے‘‘(القیامہ)۔ مزید تشریح کرتے ہوئے بتایا گیا کہ: ’’پھر جب یہ اس چیز کو قریب دیکھ لیں گے تو ان سب لوگوں کے چہرے بگڑ جائیں گے‘‘(الملک)۔ یہ حالت ان کی دنیا میں بھی ہوتی تھی۔ جب وہ کلامِ پاک سنتے تھے ، بجاے اس کے کہ وہ اس سے نصیحت قبول کریں اْلٹا وہ ان کے لیے گراں ثابت ہوتا تھا۔ چنانچہ فرمایا گیا:’’اور جب ان کو ہماری صاف صاف آیات سنائی جاتی ہیں تو تم دیکھتے ہو کہ منکرین حق کے چہرے بگڑنے لگتے ہیں‘‘ (الحج )۔اب آخرت میں محض ان کے چہرے ہی خوف زدہ نہیں ہوں گے بلکہ خوف و ہراس اور ہذیان کی عجیب کیفیت ہوگی جس کا عبرت ناک منظر اس آیت مبارکہ میں دکھائی دیتا ہے کہ: اس دن جب یہ حال ہوگا کہ آنکھیں پھٹی کی پھٹی رہ گئی ہیں، سر اْٹھائے بھاگے چلے جارہے ہیں، نظریں اْوپر جمی ہیں اور دل اڑے جاتے ہیں (ابراھیم )۔
دنیا میں منکرین کے چہرے:قرآنِ حکیم منکرین کے چہروں کا حال بھی بیان کرتاہے جو حق کی صدا اور نیکی کی پکار سن کر بگڑنے لگتے ہیں اور قرآن کی باتیں ان کی طبع نازک پر گراں گزرتی ہیں۔ اس حالت کا جو نقشہ سورۃ حج کی آیت ۲۷میں کھینچا گیا ہے وہ اْوپر گزر چکا ہے۔ دیگر مقامات پر بھی اس کا ذکر کیا گیا ہے:ان سے کہو یہ ایک بڑی خبر ہے جس کو سن کر تم منہ پھیرتے ہو(ص)۔آخر ان لوگوں کو کیا ہوگیا ہے کہ یہ اس نصیحت سے منہ موڑ رہے ہیں(المدثر) ۔اسی منہ پھیرنے اور حق سے انکار کی سزا تو جہنم ہے جس کا ذکر یوں کیا گیا ہے کہ: ’’اس میں نہیں جھلسے گا مگر وہ انتہائی بدبخت جس نے جھٹلایا اور منہ پھیرا‘‘(الیل )۔ یہ بھی فرمایا گیا:’’آخر ان لوگوں کو کیا ہوگیا ہے کہ یہ اس نصیحت سے منہ موڑ رہے ہیں‘‘(المدثر )۔ان چہروں کا کچھ بھی عبرت ناک انجام ہوسکتا ہے جیساکہ فرمایا گیا کہ ’’اور ہم جب چاہیں ان کی شکلوں کو بدل کر رکھ دیں‘‘(الدھر)۔ آخرت میں ایسے بدبخت چہرے ہی الم ناک اور رْسوا کن عذاب سے دوچار ہوں گے۔
بدبخت چہروں کا عبرت ناک انجام:عذاب النار تو ہے ہی سخت ترین اور دْکھ دینے والا عذاب۔ قیامت کے دن جب جسم کے دیگر اعضا اس بدترین عذاب میں مبتلا ہوں گے تو چہرے بھی اس سے محفوظ نہ رہ سکیں گے۔ چنانچہ فرمایا گیا کہ: ’’آگ ان کے چہروں کی کھال چاٹ جائے گی اور ان کے جبڑے باہر نکل آئیں گے‘‘(المومنون)۔ گویا جس طرح جانور کی سری آگ پر جھلسائی جاتی ہے اس طرح ان لوگوں کے چہرے آگ کے سپرد کیے جائیں گے، حتیٰ کہ گوشت گل کر جبڑے سامنے اْبھر آئیں گے۔ اسی طرح فرمایا گیا :جس روز ان کے چہرے آگ پر اْلٹ پلٹ کیے جائیں گے ا س وقت وہ کہیں گے کہ کاش ہم نے اللہ اور رسولؐ کی اطاعت کی ہوتی(احزاب )۔اور یہ حال ان کا اس لیے ہوگا کہ انھوں نے دنیا میں نیکیوں کے بجاے بْرائیاں ہی کمائی ہوں گی۔ چنانچہ فرمایا گیا: اور جو برائی لیے ہوئے آئے گا ایسے سب لوگ اوندھے منہ آگ میں پھینکے جائیں گے (النمل )۔اور یہی نہیں بلکہ ان کی پیٹھیں بھی عذاب کا شکار ہوں گی۔ ’’جب کہ یہ نہ اپنے منہ آگ سے بچاسکیں گے نہ پیٹھیں‘‘(الانبیاء)۔ چہروں کو صرف آگ کا سامنا ہی نہیں کرنا ہوگا بلکہ عذاب کی دیگر صورتیں بھی ہوں گی: ’’اب اس شخص کی بدحالی کا تم کیا اندازہ کرسکتے ہو جو قیامت کے روز عذاب کی سخت مار اپنے منہ پر لے گا ‘‘(الزمر )۔اور اس عذاب کی صورت کا نقشہ بھی یوں کھینچا گیا ہے کہ: ’’پھر اس وقت کیا حال ہوگا جب فرشتے ان کی روحیں قبض کریں گے اور ان کے منہ اور پیٹھوں پر مارتے ہوئے انھیں لے جائیں گے‘‘(محمد )۔پھر آگ کا عذاب اس پر مستزاد ہوگا اور ذلت آمیز طریقے سے انھیں آگ کے سپرد کیا جائے گا۔ چنانچہ فرمایا گیا:’’جس روز یہ منہ کے بل آگ میں گھسیٹے جائیں گے اس روز ان سے کہا جائے گا اب چکھو جہنم کی لپٹ کا مزا‘‘ (القمر) ۔
چہرہ اندرونی کیفیت کا عکاس:انسانی چہرہ دل کی اندرونی کیفیت کی واضح عکاسی کرتا ہے اور دل کا چور آشکارا کردیتاہے ، چاہے وہ اپنے جذبات و احساسات کوکتنا ہی دباتا پھرے۔ چنانچہ کہاگیا کہ: ’’مجرمین وہاں اپنے چہرے سے پہچان لیے جائیں گے اور انھیں پیشانی کے بال اور پاؤں سے پکڑپکڑ کر گھسیٹا جائے گا‘‘(الرحمٰن)۔ظاہر ہے کہ جب کچھ چہرے اداس اور کچھ سیاہ، کسی کے چہرے پر ہوائیاں اْڑ رہی ہوں، کچھ خوف زدہ اور کچھ بگڑے ہوئے، جب کہ دوسری طرف کچھ چہرے روشن، بارونق اور خوش باش ہوں گے تو خود ہی واضح ہوجائے گا کہ مومنین کون ہیں اور مجرمین کون؟
ہمارے چہرے اور ہماری روش:آج ہمیں کوئی پروا نہیں ہے کہ کل ہمارا انجام کیاہوگا! بدی سے رشتہ استوار کیے ہوئے ہیں اور حق سے منہ موڑے ہوئے ہیں۔ ہماری اسی روش کا نقشہ اس آیت مبارکہ میں کھینچا گیا ہے : بھلا سوچو جو شخص اوندھے منہ چل رہا ہو وہ زیادہ صحیح راہ پانے والا ہے یا وہ جو سر اْٹھائے ایک ہموار سڑک پر چل رہا ہو(الملک)۔اسی طرح ظالموں کی عادات کا ذکر کیا گیا ہے کہ: ’’اور اس سے بڑا ظالم کون ہوگا جسے اس کے رب کی آیات کے ذریعے نصیحت کی جائے اور پھر وہ ان سے منہ پھیرلے‘‘(السجدہ)۔ اس روش کا انجام تو پھر ظاہر ہے کہ جہنم ہی ہوگا۔ چنانچہ فرمایا گیا: ’’البتہ جو شخص منہ موڑے گا اورانکار کرے گا تو اللہ اس کو بھاری سزا دے گا‘‘(الغاشیہ)۔
انسانی چہرہ۔ حساس مقام:انسان اپنے چہرے کے معاملے میں بہت حساس ہوتا ہے۔ معمولی سا داغ اور ذرا سا نشان بھی اسے ناگوار گزرتا ہے۔ تل، کیل اور مہاسے جیسی چھوٹی اور معمولی چیز بھی اسے ناگوار گزرتی ہے۔ اسی طرح منہ پر طمانچے رسید کرنے میں بھی وہ بڑی توہین خیال کرتا ہے۔ اسلام میں بھی چہرے پر مارنے کی ممانعت ہے، حتیٰ کہ جانوروں کے چہرے پر مارنے کی بھی حوصلہ شکنی کی گئی ہے۔ لیکن مقامِ حیرت ہے کہ چہرے کے معاملے میں اتنا حساس ہونے کے باوجود اپنے چہرے کو آگ کی لپٹ، جہنم کی لْو، دوزخ کے دھوئیں اور عذاب کی تپش سے بچانے کے معاملے میں وہ اتنا لاپروا کیوں ہے؟ آخرت کا ایسا ہولناک منظر کہ جب خود ہمارا چہرہ بھی ہمارے کرتوتوں کی چغلی کھارہا ہو، ایسے میں بھی ہم اتنے بے خوف اور لاپرواہیں، آخر کیوں؟
رب کو منہ دکھانا ہے !:جی ہاں! وہ دن بھی آنے والا ہے کہ جب ہم اپنے رب کو منہ دکھائیں گے، لیکن کیا ہمارے اعمال بھی ایسے ہیں کہ ہم منہ دکھانے کے قابل ہوں؟ اس کا جواب ہمیں اپنی آنکھیں بند ہونے اور دل کی دھڑکنیں رْکنے سے پہلے ہی سوچ لینا چاہیے۔

You might also like

Subscribe To Our Newsletter

You have Successfully Subscribed!