Published From Aurangabad & Buldhana

کیا سوشانت سنگھ موت معاملہ میں سلمان خان سے پوچھ گچھ ہوگی؟ ممبئی پولیس نے دیا جواب

ممبئی: سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کے معاملہ میں پولیس لگاتار تفتیش میں مصروف ہے اور اب تک فیملی، فرینڈس اور سابق ساتھی اداکاروں کے علاوہ فلم انڈسٹری سے وابستہ تقریباً 35 افراد سے پوچھ گچھ کی جا چکی ہے۔ کہا جا رہا تھا کہ پولیس اس معاملہ میں سلمان خان سے بھی پوچھ گچھ کرے گی لیکن ممبئی پولیس نے اسے افواہ قرار دیا ہے۔ ممبئی پولیس نے سوشل میڈیا پر جاری خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ فلم اداکار سوشانت سنگھ خودکشی معاملے میں بالی ووڈ اداکار سلمان خان کو تفتیش کے لئے طلب نہیں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ اس معاملے میں گزشتہ دنوں ممبئی پولیس نے سلمان خان کی سابق ٹیلنٹ منیجر ریشما شیٹی سے تفشیش کی تھی جس کے بعد خبریں گشت کر رہی تھیں کہ ریشما شیٹی کے بعد سلمان خان کو بھی جلد ہی طلب کیا جائے گا۔ پولیس نے آج ان خبروں کی تردید کی ہے۔ اس سے قبل بہار کی ایک عدالت سے اس معاملے میں سلمان خان، سنجے لیلا بھنسالی، کرن جوہر اور دیگر کو ملزم بنانے کا مطالبہ کیا تھا۔ عدالت نے یہ کہہ کر درخواست کو مسترد کر دیا تھا کہ عرضداشت اس کے دائرہ اختیار سے باہر ہے۔

خیال رہے کہ سوشانت سنگھ راجپوت نے 14 جون 2020 کو ممبئی میں واقع اپنے فلیٹ پر خود کشی کر لی تھی، اس کی وجہ سے دنیا بھر میں ان کے مداحوں کو گہرا صدمہ پہنچا ہے۔ گزشتہ روز ان کی موت کو ایک مہینہ گزر گیا اور ان کے مداح لگاتار ان کے لئے دعائیں کر رہے ہیں۔

قومی آوازبیورو

You might also like

Subscribe To Our Newsletter

You have Successfully Subscribed!