Published From Aurangabad & Buldhana

کویت میں مقیم سیکڑوں فلپائنی واپسی کیلئے تیار

فلپائن صدر کا تمام فلپائنی شہریوں کو ملک واپسی کا حکم

منیلا:کویت میں مقیم۲۲۰۰ سے زیادہ فلپائنی تارکینِ وطن صدر روڈریگو ڈیوٹرٹ کی پیش کش پر وطن واپسی کے لیے تیار ہیں۔فلپائن کے وزیر محنت سلویسٹر بیلو سوم نے رائیٹرز کو بتایا ہے کہ ’’ ہمیں جمعہ کو یہ مطلع کیا گیا تھا کہ کویت میں مقیم ۲۲۰۰ سے زیادہ فلپائنی وطن واپسی پر آمادہ ہیں۔ان میں بعض کے ویزوں کی میعاد ختم ہوچکی ہے اور انھوں نے استثنا کی درخواست کی ہے‘‘۔فلپائنی صدر نے جمعہ کویت میں اپنے ملک کی ایک تارکِ وطن ملازمہ کی پْراسرار موت کے بعد وہاں کام کرنے والے فلپائنی شہریوں کو واپس بلانے کا اعلان کردیا تھا اور ملک کی دو نجی فضائی کمپنیوں فلپائن ائیر لائنز اور سیبی پیسیفک سے ان تارکینِ وطن کو ۷۲ گھنٹے میں واپس لانے کی ہدایت کی تھی۔بیلو کا کہنا تھا کہ ان دونوں فضائی کمپنیوں نے کویت سے فلپائنی ورکروں کی مفت واپسی کے لیے چارٹر پروازوں کا بندوبست کیا ہے اور قریباً ۵۰۰ فلپائنی ورکروں کی جلد منیلا واپسی متوقع ہے۔ان کے بقول حکومت واپس آنے والے تارکینِ وطن کو روزگار دلانے کے لیے اقدامات کرے گی اور انھیں روزمرہ کا خرچہ مہیا کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ’’ہم اب متبادل مارکیٹوں کی جانب دیکھ رہے ہیں۔ان میں سے ایک چین اور روس بھی ہے‘‘۔ تاہم انھوں نے اس کی مزید وضاحت نہیں کی ہے۔فلپائنی صدر ڈوٹرٹ نے جنوری میں کویت میں متعدد فلپائنی ورکروں کی اموات کے بعد اس خلیجی ریاست میں اپنے شہریوں کو بھیجنے کا سلسلہ معطل کردیا تھا۔

You might also like

Subscribe To Our Newsletter

You have Successfully Subscribed!