Published From Aurangabad & Buldhana

کامیڈین بھارتی سنگھ کے بعد ان کے شوہر ہرش لمباچیا بھی گرفتار، 15 گھنٹے ہوئی پوچھ گچھ

ممبئی: نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے منشیات کے معاملہ میں کامیڈین بھارتی سنگھ کے بعد ان کے شوہر ہرش لمباچیا کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔ ہرش لمباچیا کو این سی بی نے ڈرگس لینے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ انسداد منشیات ایجنسی نے تقریباً 15 گھنٹوں کی پوچھ گچھ کے بعد ہرش لمباچیا کو گرفتار کر لیا۔

این سی بی کی پوچھ گچھ کے دوران ہفتہ کے روز بھارتی سنگھ اور ان کے شوہر نے منشیات لینے کا اعتراف کیا تھا۔ این سی بی نے بھارتی سنگھ کے گھر چھاپہ ماری کے دوران نشیلی اشیا بھی برآمد کی تھی۔ این سی بی ہفتہ کی صبح کامیڈین بھارتی سنگھ کے گھر اور دفتر پر چھاپہ ماری کے بعد انہیں اور ان کے شوہر کو پوچھ گچھ کے لئے این سی بی کے دفتر لے کر گئی تھی۔ ہفتہ کی دیر شام بھارتی سنگھ کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ ہرش سے پوچھ گچھ کا سلسلہ جاری رہا۔ تقریباً 15 گھنٹے کی پوچھ گچھ کے بعد این سی بی نے ہرش لمباچیا کو بھی گرفتار کر لیا۔

واضح رہے کہ این سی بی نے ممبئی کے کھاردنگا علاقہ میں 21 نومبر کو چھاپہ ماری کی تھی اور 21 سال کے ایک منشیات اسمگلر کو گرفتار کیا تھا۔ اس کے پاس سے 40 گرام گانجا، انشیلی دوائیں وغیرہ برآمد ہوئی تھیں۔ ملزم سے پوچھ گچھ کے بعد این سی بی نے بھارتی سنگھ کے گھر اور دفتر پر چھاپہ ماری کی۔ ان کے پاس سے 86.5 گرام گانجا برآمد ہوا ہے۔ جانچ ایجنسی کی پوچھ گچھ میں بھارتی اور ان کے شوہر نے یہ قبول کیا ہے کہ وہ گانجے کا استعمال کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ بالی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی جون میں خودکشی کے بعد اعلیٰ سطحی تحقیقات کے دوران بالی وڈ فلم انڈسٹری میں بڑے پیمانے پر منشیات کے غیر قانونی استعمال کا راز فاش ہوا تھا، جس کی تحقیقات جاری ہیں اور اس ضمن میں ٹی وی اور فلمی دنیا سے جڑے معروف اداکاروں کو تفتیش کے لیے طلب کیا گیا اور ان کے گھروں پر چھاپے بھی مارے گئے ہیں۔

قومی آوازبیورو

You might also like

Subscribe To Our Newsletter

You have Successfully Subscribed!