Published From Aurangabad & Buldhana

ڈیلٹا ویریئنٹ 96 ملکوں میں پھیل گیا، آسٹریلیا میں لاک ڈاؤن

سڈنی ؍ منیلا ۔ کووڈ 19 کے ڈیلٹا ویریئنٹ کے مہلک اثرات سے بچنے اور ان سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے، آسٹریلیا سے جاپان اور فلپائن تک کے ایشیائی ممالک نے جمعہ کے روز اپنے شہریوں کی نقل و حمل محدود کرنے کی غرض سے سخت پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق، ڈیلٹا ویریئنٹ، جسے سب سے پہلے ہندوستان میں دریافت کیا گیا تھا، 96 سے زائد ملکوں میں پھیل چکا ہے، اور عالمگیر سطح پر تشویش کا باعث بنتا جا رہا ہے۔

ڈیلٹا ویریئنٹ کے اثرات سے بچنے کے لیے امریکہ، اسرائیل اور سنگاپور جیسے ملک جہاں ٹیکہ اندازی کے جدید پروگرام پر عمل درآمد جاری ہے، انہوں نے بھی اپنے شہریوں کی نقل و حمل سے متعلق کچھ پابندیاں پھر سے عائد کردی ہیں۔ تاہم، ایشیائی ممالک ڈیلٹا ویریئنٹ کی سب سے زیادہ زد میں ہیں، جہاں تصدیق شدہ کیسز کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوتا جا رہا ہے، جب کہ خطے میں ویکسی نیشن مہم کی سست روی کے باعث لاکھوں افراد کو اس تیزی سے پھیلنے والی وبا کا خطرہ لاحق ہے۔

امریکی سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن (سی ڈی سی) کی ایک داخلی دستاویز کا حوالہ دیتے ہوئے، اخبار نیو یارک ٹائمز نے تحریر کیا ہے کہ ڈیلٹا ویریئنٹ دراصل خسرے کی طرح کا ایک متعدی مرض ہے جو بیمار کو تیزی سے جکڑ لیتا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ کووڈ کی اتنی خطرناک قسم ہے کہ وہ لوگ جنہیں وبا کے خلاف ویکسین لگ چکی ہے انہیں بھی یہ بیماری لگ سکتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سی ڈی سی نے یہ ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ لوگ جنہیں ویکسین کی مکمل خوراکیں لگ چکی ہیں انہیں بھی پھر سے ماسک پہننے کی ضرورت ہے۔ وبائی امراض کے ماہر، ڈکی بودامین نے، جن کا تعلق کئینز لینڈ میں قائم گرفتھ یونیورسٹی سے ہے، رائٹرز کو بتایا کہ تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ پچھلی تمام اقسام کے مقابلے میں ڈیلٹا ویریئنٹ 1000 گنا زیادہ مہلک ہے، اسی لیے ہمیں خدشہ ہے کہ یہ بے قابو ہو جانے کی حد تک تیزی سے پھیلنے کی قوت رکھتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ڈیلٹا کی وجہ سے بیماری کی سنگین علامات رونما ہوتی ہیں، خاص طور پر سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہوتا ہے۔ آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں لاک ڈاؤن نافذ ہے، جہاں لوگوں کے ایک جگہ اکٹھا ہونے سے روکنے کے لیے سخت ترین اقدامات کیے گئے ہیں، وہاں کے شدید متاثرہ مضافاتی علاقوں میں کووڈ کے ٹیسٹ لازمی قرار دیے گئے ہیں۔

You might also like

Subscribe To Our Newsletter

You have Successfully Subscribed!