Published From Aurangabad & Buldhana

ٹی 20 ورلڈ کپ کورونا کی وجہ سے ملتوی ، ورلڈ کپ 2023 کا پروگرام بھی تبدیل

دبئی : رواں سال اکتوبر اور نومبر میں آسٹریلیا میں ہونے والا ٹی-20 ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کورونا وائرس کی وجہ سے ملتوی کردیا گیا ہے ۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پیر کے روز یہ فیصلہ کیا۔ کورونا وائرس کی وجہ سے پوری دنیا میں کرکٹ کھیل متاثر ہے اور اس وقت انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے مابین شائقین کے بغیر ہی انگلینڈ میں ٹیسٹ سیریز جاری ہے۔

آئی سی سی بورڈ نے ٹی -20 ورلڈ کپ ایک سال کے لئے ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ یہ ٹورنامنٹ آسٹریلیا میں 18 اکتوبر سے 15 نومبر تک منعقد ہونا تھا۔ لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے ورلڈ کپ کے انعقاد پر پچھلے چند مہینوں سے غیر یقینی صورتحال چھائی ہوئی تھی ۔ گزشتہ ماہ آئی سی سی بورڈ نے ورلڈ کپ سے متعلق اپنے فیصلے کو جولائی کے اجلاس تک موخر کردیا تھا۔


بورڈ نے مردوں کے تین ٹورنامنٹو پر اتفاق کیا ہے جن میں اکتوبر-نومبر 2021 اور اکتوبر-نومبر 2022 میں ٹی- 20 ورلڈ کپ اور اکتوبر-نومبر 2023 میں ون ڈے ورلڈ کپ شامل ہے ۔ آئی سی سی نے فی الحال یہ اعلان نہیں کیا ہے کہ ٹی- 20 ورلڈ کپ کہاں منعقد ہوں گے ۔ اصل شیڈول کے مطابق ہندوستان کو 2021 میں ٹی- 20 ورلڈ کپ اور 2023 میں ون ڈے ورلڈ کپ کی میزبانی کرنی ہے۔

اس سال کے ورلڈ کپ کے میزبان آسٹریلیا نے کئی بار کہا ہے کہ کورونا وائرس کے خطرے کی وجہ سے ان کے لئے 16 ٹیموں کی میزبانی کرنا بہت مشکل ہوگا ۔ کرکٹ آسٹریلیا کے اس وقت کے چیف ایگزیکٹو کیون رابرٹس نے مئی میں کہا تھا کہ ٹورنامنٹ کا انعقاد خطرے کی زد میں ہے۔

You might also like

Subscribe To Our Newsletter

You have Successfully Subscribed!