Published From Aurangabad & Buldhana

ٹرین ٹکٹ کھو جائے تو بھی ٹی ٹی ای نہیں کرے گا پریشان ، جان لیں اس سے وابستہ یہ سبھی قوانین

ٹرین میں سوار ہونے سے پہلے یا پھر سوار ہونے کے بعد اگر آپ کا ٹکٹ کھو جائے تو آپ کو گھبرانا یا پریشان نہیں ہونا چاہئے ۔ ریلوے نے مسافروں کیلئے کئی ایسے قوانین بنائے ہیں ۔

ٹرین سے سفر کرنا انتہائی رعایتی اور کافی آرام دہ ہوتا ہے ، لیکن مشکلات اس وقت بڑھ جاتی ہیں جب آپ کسی ان چاہی پریشانی میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔ ایسے میں قوانین کا علم نہیں ہونے کی وجہ سے آپ اپنا بڑا نقصان کر بیٹھتے ہیں ۔ اسلئے آج ہم آپ کی مشکلات کو آسان کرنے کیلئے ٹرین ٹک سے وابستہ کئی اہم معلومات فراہم کررہے ہیں ۔

اگر آپ غلطی سے ٹکٹ گھر پر بھول گئے یا پھر ریزرویشن ٹکٹ کھوجائے تو کیا کریں یا پھر آپ کی ٹرین چھوٹ گئی تو کیا آپ کے ٹکٹ کے پیسے ڈوب گئے یا پھر آپ کی ٹکٹ جس اسٹیشن تک کی ہے اور اچانک آپ کو سفر کے دوران اس سے آگے جانے کی نوبت آگئی تو کیا کریں ۔ ان سب باتوں کے حوالے سے ریلوے میں قوانین موجود ہیں ۔

سوال : اگر ٹرین ٹکٹ کھو جائے تو کیا کرنا چاہئے ؟ ۔

جواب : اگر آپ نے ای ٹکٹ لیا ہے اور ٹرین میں جانے کے بعد آپ کو پتہ چلے کہ ٹکٹ کھوگیا ہے اور آپ کے پاس اس کو لیپ ٹاپ ، آئی پیڈ یا موبائل پر دکھانے کا بھی آپشن نہیں ہے ، تو آپ ٹی ٹی ای کو 50 روپے جرمانہ دے کر اپنا ٹکٹ حاصل کرسکتے ہیں۔

سوال : اگر مسافر کے پاس پلیٹ فارم ٹکٹ ہے تو وہ اس سے ٹرین میں سفر کرسکتا ہے ؟۔

جواب : اگر ایمرجنسی میں مسافر ٹرین میں سوار ہوتا ہے تو اس کو فوری طور پر ٹی ٹی ای سے رابطہ کرکے ٹکٹ بنوانا لینا چاہئے ۔ اس صورت میں مسافر سے 250 روپے جرمانہ اور سفر کا کرایہ وصول کیا جائے گا ۔ پلیٹ فارم ٹکٹ کا فائدہ صرف اتنا ہی ہوگا کہ مسافر سے کرایہ وصول کرتے وقت روانگی اسٹیشن اسے ہی تسلیم کیا جائے گا جہاں سے پلیٹ فارم ٹکٹ خریدا گیا ہوگا اور کرایہ بھی اسی زمرہ کا وصول کیا جائے گا ، جس میں مسافر سفر کر رہا ہوگا۔

سوال : ٹرین چھوٹنے کے بعد بھی آپ ریفنڈ پانے کے حقدار ہیں ؟

جواب : اگر آپ کی ٹرین چھوٹ گئی ہے تو آپ ٹی ڈی آر بھر کر اپنے ٹکٹ کے بیس فیئر کی 50 فیصد رقم حاصل کرسکتے ہیں ، لیکن آپ کو یہ کام مقررہ وقت کے اندر ہی کرنا ہوگا ۔ اگر آپ کی ٹرین چھوٹ گئی ہے تو ٹی ٹی ای اگلے دو اسٹیشنوں تک آپ کی سیٹ کسی کو مختص نہیں کرسکتا ۔ اگلے دو اسٹیشنوں پر ٹرین سے پہلے پہنچ کر آپ اپنا سفر پورا کر سکتے ہیں ، لیکن دو اسٹیشنوں کے بعد ٹی ٹی ای آر اے سی ٹکٹ والے مسافر کو یہ سیٹ مختص کرسکتا ہے ۔ اگر آپ نے جس اسٹیشن تک کا ٹکٹ لیا ہے اور آپ کو اس سے آگے بھی جانا ہے تو ریلوے آپ کو سفر کے دوران ہی ٹکٹ کو آگے تک بڑھانے کی سہولت دیتا ہے۔

You might also like

Subscribe To Our Newsletter

You have Successfully Subscribed!