Published From Aurangabad & Buldhana

نہرو بھون کی جگہ تعمیر ہوگا ہمہ منزلہ جدید شاپنگ کامپلیکس

=پبلک پارٹنرشپ بنیاد پر 13.23 کروڑ لاگت سے ہوگی تعمیر = 26 دکانیں، 24 کمرشیل دفاتر، وسیع مہمان خانہ،چینج روم، وزیٹرروم ، واش روم=لائٹنگ اینڈ ساؤنڈ سسٹم، گرین روم، وسیع آڈٹوریم، ملٹی پرپز ہال، لابی ، بالکونی ، ویٹنگ روم اور پارکنگ = ضرورتمندوں سے یکمشت پیشگی رقومات لے کر 30 سال کی لیز پر دی جائیں گی دکانیں اور دفاتر

اورنگ آباد ۶؍ستمبر(سینئر رپورٹر)بڈی لین میں جامع مسجد کے روبرو واقع نہرو بھون کو مکمل طور پر زمیں بوس کرکے ٹی وی سینٹرشاپنگ کامپلیکس کی طرز پرصدفیصد پبلک پارٹنرشپ بنیاد پر 13.23 کروڑ کی لاگت سے چار منزلہ جدید سہولتوں سے آراستہ شاپنگ کامپلیکس، وسیع آڈٹوریم،فنکاروں کے قیام کیلئے گیسٹ ہاؤس، دفاتر اور وزیٹنگ ہال کے علاوہ پارکنگ کی تعمیر کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے ۔ دکانوں اور دفاتر کے ضرورتمندوں سے 30 سال کی جملہ رقومات پیشگی و یکمشت وصول کی جائیگی۔ اس طرح میونسپل کارپوریشن پر کسی طرح کے تعمیری خرچ کا بوجھ نہیں ہوگا۔ دکانداروں اور دفاتر مالکان کو 30 سال کیلئے لیز پر دی جائیں گی۔مذکورہ دکانوں اور دفاتر کے ذریعہ میونسپل کارپوریشن کو 17.12 کروڑ روپیوں کی آمدنی ہوگی۔ اس پروجیکٹ کو عملی جامہ پہنانے کی غرض سے فائنانشیل اینڈ ٹیکنیکل فیزیبلیٹی تھرو انڈیپنڈنٹ ایکسپرٹ کی معرفت اس پروجیکٹ کی فائنانشیل اور ٹیکنیکل پہلوؤں کی جانچ کروانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

مذکورہ پروجیکٹ کا تعمیری کام مکمل ہونے کے بعد میونسپل کارپوریشن کی آمدنی میں اضافہ ہونے کے ساتھ ساتھ بڈی لین کے اس علاقہ کے کاروبار میں بھی غیر معمولی ترقی ہوگی۔11 ستمبر کو منعقدہ جنرل باڈی میٹنگ کے روبرو میونسپل انتظامیہ کی جانب سے نہروبھون کی قرارداد پیش کی گئی ہے ۔غورطلب ہے کہ نہرو بھون عمارت 40 سال قبل بلدیہ نے تعمیر کروائی تھی۔ اس وقت کے وزیراعلیٰ شنکر راؤ چوہان کے ہاتھوں 8-2-1976 کو نہرو بھون کا افتتاح عمل میں آیا تھا۔ افتتاحی تقریب میں جدید اورنگ آباد کے معمار مرحوم ڈاکٹر رفیق زکریا اور وزیر صنعت ٹی اے پیئے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے تھے۔ لیکن نہروبھون اب پوری طرح بوسیدہ ہو چکا ہے ، ثقافتی تقاریب کے بجائے صرف شادیوں اور چھوٹی موٹی سیاسی سماجی تقاریب کے ہی استعمال میں آرہا ہے۔ جس کے سبب میونسپل کارپوریشن کو نہروبھون سے کسی طرح کی کوئی آمدنی نہیں ہے ۔ اسی لئے اب اسے منہدم کرکے جدید ہمہ منزلہ شاپنگ کامپلیکس، آڈوٹوریم اور دفاتر وغیرہ تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے ۔

مذکورہ قرارداد کے مطابق انڈر گراؤنڈ میں 1960.46 مربع میٹر اراضی پر پارکنگ کا نظم ہوگا۔ گراؤنڈ فلور پر 1631 مربع میٹر اراضی پر 26 دکانیں تعمیر کی جائیں گی۔ پہلی منزل کی 2131.02 مربع میٹر رقبہ پر 12 کمرشیل دفاتر تعمیر کئے جائیں گے۔ جبکہ دوسری منزل کے 1225.600 مربع میٹر رقبہ پر بھی 12 کمرشیل دفاتر بنائے جائیں گے۔ اس ہمہ منزلہ شاپنگ کامپلیکس میں ایک وسیع ہال، ویٹنگ روم، لابی، چینجنگ روم، وزیٹرروم ، لیڈیز و جینٹس کے لئے علیحدہ علیحدہ واش روم ، 600 سیٹوں پر مشتمل وسیع و تمام سہولتوں سے آراستہ آڈٹوریم، لائٹنگ، ساؤنڈسسٹم ، گرین روم، لابی، چینجنگ روم، ویزیٹر روم، ملٹی پرپز ہال ، اسنیکس لابی ، بالکونی، گیلری اور پارکنگ کی سہولتیں دستیاب ہوں گی۔

You might also like

Subscribe To Our Newsletter

You have Successfully Subscribed!