Published From Aurangabad & Buldhana

ناندیڑامرتسرسچکھنڈایکسپریس کی صفائی سے انتظامیہ غافل

معمر وخواتین وبچے بیمار‘ گرودوارہ بورڈ کا گوئل وڈی آرایم کومحضر

اورنگ آباد:۱۰؍جنوری(اسٹاف رپورٹر)ناندیڑامرتسرسچکھنڈ ایکسپریس میں گزشتہ کچھ دنوں سے صفائی نہیں کی جارہی ہے۔ جس کی شکایت ساؤتھ سینٹرل ریلوے انتظامیہ سے کی گئی ہے۔ اسکے باوجود ناندیڑ‘ اورنگ آباد‘ منماڑاوربھساول جنکشن کے مقامی ریلوے افسران صفائی پردھیان نہیں دے رہے ہیں۔جس کے سبب اس ٹرین کے تیس گھنٹے کے سفرکے دوران مسافرین کوکافی مشکلات کاسامناکرناپڑرہاہے۔اس ضمن میں گرودوارہ بورڈ کی جانب سے ساؤتھ سینٹرل ریلوے کو ایک محضر پیش کیاگیا۔واضح رہے کہ سچکھنڈ ایکسپریس سال بھر بلاناغہ چلائی جاتی ہے اور اس میں ہمیشہ مسافرین کاہجوم رہتاہے۔ حالانکہ امرتسرسے ناندیڑ پہنچنے کے بعد اسے بیس گھنٹوں کاوقفہ ملتاہے۔ناندیڑمیں اس گاڑی کی مکمل طورپر صفائی کے احکامات پہلے ہی ریلوے کے اعلی عہدیداران نے دیے ہیں۔گرودوارہ سچکھنڈ بورڈ کے صدر سردار ٹھان سنگھ منگوائی‘ نے مرکزی وزیر پیوش گوئل سے شکایت کی ہے۔جس میں کہاگیاہے کہ ناندیڑامرتسر سچکھنڈ ایکسپریس ۱۹۹۴ء میں شروع کی گئی ہے جس میں بہترصفائی کی جاتی تھی۔ چونکہ اس ٹرین میں زیادہ تر سکھ عقیدتمند سفرکرتے ہیں اور وہ ناندیڑ تاامرتسر اورامرتسر تاناندیڑمذہبی مقاما ت پر آمد ورفت کرتے ہیں۔اس مذہب میں صفائی کوکافی اہمیت حاصل ہے۔ لیکن ٹرین میں گندگی کے سبب انہیں کافی مشکلات کاسامناکرناپڑتاہے۔ کئی مسافر دوران سفر بوگیوں میں پھیلی گندگی اوربدبو کے سبب بیمارہورہے ہیں۔
ٹرین کا سفردوہزارکلومیٹر پر مشتمل ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ سفرکے دوران باتھ روم وبیت الخلاء کی بھی صفائی پردھیان نہیں دیاجاتا۔دوران سفر معمر مسافرین کو زائد مشکلات کاسامناکرناپڑرہاہے۔ ٹی ٹی ای سے شکایت پر وہ پلہ جھاڑلیتے ہیں۔خاص بات یہ ہے کہ اس ٹرین کو گزشتہ بیس تا چوبیس سالوں میں جو بوگیاں نصب کی گئی تھیں۔یہ ٹرین روزآنہ چلائی جاتی ہے ۔ریزرویشن کیلئے ویٹنگ لسٹ رہتی ہے۔ موسم باراں کے دوران ریلوے کی بوگیوں کی چھت سے پانی رسنا شروع ہوجاتاہے جس کے سبب کافی گندگی ہوتی ہے۔ ریلوے انتظامیہ کامانناہے کہ صفائی کی ذمہ داری خانگی کانٹریکٹرکودی گئی ہے لیکن شکایات کے باوجود س کے خلاف کاروائی نہیں کی جارہی ہے ۔گرودوارہ بورڈ نے اس ضمن میں ریلوے بورڈ چےئرمین اشون لوہانی دہلی‘جنرل منیجر سکندرآباد‘ ڈی آرایم ناندیڑ‘ کوبھی محضرروانہ کیاہے۔

You might also like

Subscribe To Our Newsletter

You have Successfully Subscribed!