Published From Aurangabad & Buldhana

ممبئی : سی ایم ادھو ٹھاکرے کا کارٹون فارورڈ کرنے پر ریٹائرڈ نیوی افسر کی پٹائی، شیو سینا کے 6 کارکن گرفتار

ممبئی : ممبئی میں ہندوستانی بحریہ (انڈین نیوی) کے ایک سبکدوش افسر کی پٹائی کے معاملہ نے طول پکڑ لیا ہے۔ واقعہ کی ایک ویڈیو وائرل ہونے کے بعد شیو سینا کے 6 کارکنان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ سمنا نگر پولیس کی طرف سے گرفتار کیے گئے کارکنان میں شیو سینا کے شاکھا پرمکھ (یونٹ انچارج) کملیش کدم بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ جمعہ کے روز بی جے پی کے رکن اسمبلی اتل بھات کھلکر نے الزام عائد کیا تھا کہ ایک ریٹائرڈ نیوی افسر پر شیو سینا کے کارکنان نے محض اس لئے دھاوا بول دیا کیوں کہ انہوں نے ادھو ٹھاکرے کے ایک کارٹون کو سوشل میڈیا پر فارورڈ کیا تھا۔

گرفتار کیے گئے شیو سینکوں میں کملیش کدم کے علاوہ سنجے شانتا رام، راکیش راجا رام، پرتاپ موتی رام جی، سنیل وشنو دیسائی اور راکیش کرشنا شام ہیں۔ متاثرہ کی طرف سے درج کرائے گئے بیان کے مطابق کملیش کدم نامی ایک شخص نے سب سے پہلے فون پر ان کا نام اور پتہ معلوم کیا اس کے بعد دوپہر کے وقت بلڈنگ سے نیچے بلا کر ان کے ساتھ مار پیٹ کی گئی۔ یہ واقعہ سوسائٹی کے سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہو گیا اور فوٹیج کو اب سوشل میڈیا پر شیئر کیا جا رہا ہے۔

مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس نے بھی اس واقعہ پر ٹوئٹ کیا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ میں لکھا، ’’بہت افسوسناک اور حیران کر دینے والا واقعہ… ریٹائرڈ نیوی افسر کو غنڈوں نے اس لئے مارا کہ انہوں نے صرف ایک پیغام واٹس ایپ پر فارورڈ کیا تھا۔ اسے روکیے محترم ادھو ٹھاکرے جی۔ ہم ان غنڈوں پر سخت کاررروئی کیے جانے اور سزا دیئے جانے کی مانگ کرتے ہیں۔‘‘

قومی آوازبیورو

You might also like

Subscribe To Our Newsletter

You have Successfully Subscribed!