Published From Aurangabad & Buldhana

لوک سبھا میں ملائم سنگھ یادو نے کہا، میری خواہش ہے کہ پھر وزیر اعظم بنیں نریندر مودی

دی وائر اسٹاف

نئی دہلی: سماجوادی پارٹی کے رہنما اور لوک سبھا ایم پی ملائم سنگھ یادو نے بدھ کو لوک سبھا میں کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ نریندر مودی ایک بار پھر سے ملک کے وزیر اعظم بنیں۔ ملائم نے اپنی پارٹی اور اپوزیشن کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم لوگ تو اتنی اکثریت نہیں لا سکتے ہیں اس لیے آپ (نریندر مودی)پھر سے ملک کے وزیر اعظم بنیں۔

ملائم نے کہا،’ ہم وزیر اعظم کو مبارک باد دینا چاہتے ہیں کہ آپ نے سب کے ساتھ مل جل کر کام کیا۔ یہ سچ ہے کہ ہم نے جب جب آپ سے کسی کام کے لیے کہا تو آپ نے اسی وقت حکم دے دیا۔ اس کے لیے ہم آپ کی عزت کرتے ہیں۔’ انھوں نے مزید کہا،’ میں کہنا چاہتا ہوں کہ میری خواہش ہے کہ سارے ممبر پھر سے جیت کر آئیں۔ میں کہنا چاہتا ہوں کہ ہم لوگ تو اتنی اکثریت نہیں لا سکتے ہیں تو آپ (نریندر مودی)پھر سے وزیر اعظم بنیں۔

اس پر پی ایم مودی نے ہاتھ جوڑ کران کا شکریہ ادا کیا اور ایوان نے میز تھپتھپاکر ملائم سنگھ یادو کی بات کی حمایت کی۔ وہیں ملائم سنگھ یادو کے اس بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کانگریس صدر راہل گاندھی نے کہا،’ میں ان سے متفق نہیں ہوں لیکن ملائم سنگھ یادو جی کا سیاست میں ایک رول ہے اور میں ان کی بات کا احترام کرتا ہوں۔’غور طلب ہے ایس پی،بی ایس پی کے اتحاد کا رسمی اعلان کرتے ہوئے اکھلیش یادو نےیہ پوچھے جانے پر کہ کیا وہ مایاوتی کو وزیر اعظم بنائیں گے، کہا تھا کہ’ آپ کو معلوم ہے میں کس کو سپورٹ کروں گا۔ اتر پردیش نے پہلے بھی وزیر اعظم دیے ہیں اور یہ پھر دوہرایا جائے گا۔ ‘واضح ہو کہ ایس پی اور بی ایس پی آئندہ لوک سبھا انتخاب میں اتحاد کے تحت اتر پردیش کی 38-38 سیٹوں پر الیکشن لڑیں گے۔ دو سیٹیں چھوٹی پارٹیوں کے لیے چھوڑی گئی ہیں جبکہ امیٹھی اور رائے بریلی کی دو سیٹیں کانگریس پارٹی کے لیے چھوڑنا طے کیا گیا ہے۔

You might also like

Subscribe To Our Newsletter

You have Successfully Subscribed!