Published From Aurangabad & Buldhana

لاک ڈاون 4.0 : آروگیہ سیتو میں گرین اسٹیٹس ہو تبھی کر سکیں گے ہوائی سفر، اور بھی ہیں کئی شرطیں

نئی دہلی : کورونا وائرس(کوویڈ 19) وبا کی وجہ سے دو مہینے تک بند گھریلو مسافر پروازیں 25 مئی سے کئی نئی ہدایات کے ساتھ دوبارہ شروع ہو رہی ہیں جن میں ہوائی اڈے پر کم از کم دو گھنٹے پہلے پہنچنا اور آروگیہ سیتو ایپ کا استعمال ضروری ہوگا۔ ذرائع نے بتایا کہ ہوائی اڈوں کے لئے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پی) میں مسافروں کا ہوائی اڈے پر کم از کم دو گھنٹے پہلے پہنچنا لازمی کیا گیا ہے۔ صرف انہیں مسافروں کو ٹرمینل بلڈنگ میں داخل ہونے دیا جائےگا جن کی پرواز اگلے چار گھنٹے میں ہے۔ ٹرمینل میں داخلے سے پہلے ہی مسافروں کی تھرمل اسکریننگ کی جائےگی اور بغیر علامات والے مسافروں کو ہی داخل ہونے کی اجازت ملے گی۔

مسافروں کے لئے ان کے موبائل میں آروگیہ سیتو ایپ ہونا لازمی کیا گیا ہے ۔ایپ پر ہرا نشان نظر نہ آنے پر داخل نہیں ہونے دیا جائے گا حالانکہ 14 سال سے کم عمر کے بچوں کو آروگیہ سیتو ایپ کی لازمیت سے چھوٹ دی گئی ہے۔ کوویڈ 19 کے انفیکشن کو کنٹرول کرنے کے لئے 25 مارچ سے ملک میں سبھی مسافر پروازیں بند ہیں۔ شہری ہوابازی کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے بدھ کو اعلان کیاتھا کہ 25 مئی سے گھریلو مسافر پروازیں دوبارہ شروع ہوں گی۔


ہوائی اڈے کے آپریٹرز کو سماجی دوری پر عمل یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ناگزیر معاملوں کو چھوڑ کر مسافروں کو ٹرالی کی سہولت نہیں دی جائے گی۔ ناگزیر معاملوں میں بھی مانگنے پر ہی ٹرالی دی جائے گی۔ ہر چیک ان بیگج کو طیارے میں لوڈ کرنے سے پہلے اور اتارنے کے بعد ڈس انفیکٹ کرنے کی ذمہ داری ہوائی اڈے کے آپریٹرز کی ہوگی۔

لانج میں یا کسی دیگر مقام پر مسافروں کو اخبار یا مگیزین مہیا کرانے سے منع کیا گیا ہے۔ بزرگ ،معذور یا اکیلے سفر کرنے والے چھوٹے بچوں کی مدد کرنے والے ہوائی اڈے کے ملازمین کے لئے پی پی ای کٹ کا استعمال لازمی ہوگا۔ چیک ان کے وقت مسافروں کے بورڈنگ پاس کی جانچ والے مقامات پر ملازمین اور مسافر کے درمیان شیشہ لگانے کے لئے کہا گیا ہے جس میں ایک کونا میگنیفائنگ گلاس سے لیس ہونا چاہئےجہاں سے بورڈنگ پاس کی تفصیل واضح طورپر نظر آسکے۔ ایسا نہ ہونے پر ملازمین کےلئے فیس شیلڈ کا استعمال ضروری ہوگا۔ ہوائی اڈے پر سماجی دوری بنائے رکھنے کے لئے بار بار اعلان کیا جائےگا۔ساتھ ہی جگہ جگہ سینیٹائزر کا انتظام بھی ہو گا۔

You might also like

Subscribe To Our Newsletter

You have Successfully Subscribed!