Published From Aurangabad & Buldhana

قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کا نئی نسل کو اردو سکھانے کے لئے موبائل ایپ لانچ کی تیاری

سری نگر: قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے کہا کہ کونسل نئی نسل کو اردو کی طرف راغب کرنے اور اردو سیکھنے کا ذوق وشوق رکھنے والوں کے لئے عنقریب ایک موبائل ایپ لانچ کرنے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موبائل ایپ پر کام جاری ہے اور یہ اپنی نوعیت کی ایک منفرد ایپ ہوگی۔
یو این آئی اردو کو دیے گئے ایک انٹریو میں انہوں نے کہا: ‘نئی نسل اردو کی طرف زیادہ راغب نہیں ہورہی ہے، ہماری کوشش ہے کہ ان کی اردو میں دلچسپی پیدا ہو، اس کے لئے کونسل بہت سارے پروگرام کررہا ہے اور نئی نسل کی موبائل کے ساتھ گہری وابستگی کے پیش نظر ہم ایک موبائل ایپ لانچ کریں گے جس سے نئی نسل اردو کی طرف راغب ہوگی اور اردو سیکھنے کا ذوق وشوق رکھنے والے ارود سیکھ سکیں گے’۔
اردو کے فروغ کے لئے شروع کی جانے والی موبائل ایپ کے بارے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے ڈاکٹر عقیل احمد نے کہا: ‘اس موبائل ایپ کے اندر اردو سیکھنے کے جتنے بھی پہلو ہیں انہیں ڈالا جائے گا جیسے کسی بڑے فلمی ادکار یا اداکارہ کے ایک ایک یا دو دو منٹوں پر اردو کے حق میں تاثرات ہوں گے، اس کے بعد اردو سیکھنے کے لئے ہمارے پاس جو کتابیں ہیں ان کے ہر باب کو ایک ایک کرکے سکھایا جائے گا، اردو کے حروف تہجی کو پڑھنا اور لکھنا سکھایا جائے گا’۔
انہوں نے کہا کہ جب وہ اردو اچھی طرح سیکھ لیں گے تو موبائل ایپ میں شعراء کرام کی اچھی اچھی غزلیں ڈالی جائیں گی انہیں سکھایا جائے گا، مثلاً اگر کوئی علامہ اقبال کی غزل سننا چاہتا ہے تو غزل نہ صرف لکھی ہوگی بکہ اس کو آواز میں پڑھا بھی جائے گا تاکہ اس کی ادائیگی کو بھی سیکھا جاسکے۔
ڈاکٹر عقیل نے کہا کہ اسی طرح موبائل ایپ میں چھوٹے چھوٹے افسانے اور بچوں کے افسانے بھی ڈالے جائیں گے، افسانے بھی لکھے ہوں گے اور انہیں پڑھا بھی جائے گا تاکہ پتہ چل سکے کہ کس لفظ کا کیا تلفظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں سے بہترین شعراء کی ایک فہرست بھی مرتب کی جائے گی اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے انہیں ایک بڑا پلیٹ فارم فراہم کیا جائے گا۔

You might also like

Subscribe To Our Newsletter

You have Successfully Subscribed!