Published From Aurangabad & Buldhana

غیر قانونی تعمیرات کو ریگولرائز کرنے ابھئے یوجنا پر عمل آوری شروع

آرکیٹیکٹ کی معرفت داخل کرنی ہوںگی ابھئے یوجنا کی فائلیں : میئر نندکمار گھوڑیلے

اورنگ آباد(سینئر رپورٹر):جنرل باڈی میٹنگ میں دی گئی منظوری کے مطابق شہری حدود میں واقع غیر قانونی عمارتوں و مکانوں کو ریگولرائز کرنے آج یکم ستمبر سے خصوصی ابھئے یوجنا پر عمل آوری شروع ہو گئی۔ اس مقصد کے تحت گنٹھے واری شعبہ میں علیحدہ سیکشن رکھا گیا ہے ۔

تمام 9 زون کی غیر قانونی تعمیرات کو ریگولرائز کرنے صدر دفتر کے اسی سیکشن میں ابھئے یوجنا کی فائلیں قبول کی جائیں گی۔ یہاں عبوری جانچ کے بعد جس زون کی غیر قانونی تعمیرات ہوں ، اس زون کو فائلیں بھجوادی جائیں گی۔ جہاں وارڈ آفیسر ان فائلوں پر ابھئے یوجنا کے تحت کام کریں گے۔ ابھئے یوجنا کےلئے مقرر کردہ خصوصی آفیسر اے بی دیشمکھ نے اس تعلق سے اطلاع دی کہ جن شہریان نے میونسپل کارپوریشن سے بلڈنگ پرمیشن لئے بغیر مکان تعمیر کر رکھے ہیں، ابھئے یوجنا یوجنا کے تحت وہ انہیں ریگولرائز کر سکتے ہیں ۔ اس کے لئے انھیں کسی بھی آرکیٹیکٹ کی معرفت فائل تیار کرکے داخل کرنی ضروری ہے۔ میونسپل کمشنر ڈاکٹر نپون وینائک نے اسی مقصد کے تحت شہرکے تمام آرکیٹیکٹ کی مشترکہ میٹنگ بھی پندرہ دن قبل منعقد کرکے انہیں ابھئے یوجنا اور اس میں آرکیٹیکٹ کے کردار پر رہنمائی کی تھی۔

آرکیٹیکٹ اسوسی ایشن سے بھی مذکورہ ابھئے یوجنا کے متعلق عوامی بیداری کرنے کی اپیل میونسپل انتظامیہ کی جانب سے کی گئی ہے۔ میئر نندکمار گھوڑیلے نے ابھئے یوجنا کے متعلق شہریان سے اپیل کی کہ غیر قانونی تعمیرات کو قانونی شکل دینے کی خاطر حکومت اور میونسپل کارپوریشن کی جانب سے اب تک متعدد اسکیمات روبہ عمل لائی گئیں۔ گنٹھے واری قانون بھی اسی مقصد سے وضع کیا گیا تھا۔
لیکن متعلقہ مکینوں نے گنٹھے واری قانون سے بھی استفادہ نہیں کیا۔ لیکن اب مذکورہ ابھئے یوجنا کے تحت متعلقہ شہریان کے لئے سنہری اور آخری موقع ہے۔ شہریان کا بھی فرض ہے کہ وہ اپنی غیر قانونی تعمیرات کو ریگولرائز کرنے پہل کریں۔ ابھئے یوجنا کے ذریعہ نہ صرف املاک کو قانونی شکل حاصل ہوگی بلکہ ٹی ڈی آر، ایف ایس آئی اور دیگر سرکاری اسکیمات سے استفادہ کرنے کے بھی وہ اہل ہو جائیں گے۔ اسی طرح غیر قانونی عمارتوں پر دگنا پراپرٹی ٹیکس عائد کیا جاتا ہے، اگر ابھئے یوجنا کے تحت شہریان اپنے مکانات کو ریگولرائز کروا لیں تو انہیں سالانہ دگنے ٹیکس سے بھی راحت مل جائے گی۔ میئر گھوڑیلے نے اطلاع دی کہ 2015 تک جتنے مکان و عمارتیں غیر قانونی طریقہ سے تعمیر کی گئی ہیں، انہیں ابھئے یوجنا کے تحت ریگولرائز کیا جائے گا۔ آج یکم ستمبر سے شروع ہو کر یہ ابھئے یوجنا 18 فروری 2019 تک جاری رہے گی۔ لہذا متعلقہ شہریان ابھئے یوجنا سے بڑے پیمانہ پر استفادہ کریں، یہ اپیل بھی میئر نے کی۔

You might also like

Subscribe To Our Newsletter

You have Successfully Subscribed!