Published From Aurangabad & Buldhana

صفائی رکھنا ہر فرد کی ذمہ داری ‘ سوچھتا ابھیان کا آغاز

اورنگ آباد (اسٹاف رپورٹر): صفائی کا کام کرنا سماج کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔ اپنے شہر کو خوبصورت بنائے رکھنے کیلئے سبھی کو آگے آنا چاہئے۔ اس طرح کی اپیل علاقائی کمشنر ڈاکٹر پرشوتم بھاپکر نے کی۔ وہ آج اورنگ آباد میں منعقدہ سوچھتا ابھیان کے موقع پر بول رہے تھے۔ انتظامیہ کی جانب سے آج شہر میں صبح ہی سے یونیورسٹی گیٹ سے صفائی ابھیان شروع کیا گیا۔ اس موقع پر میئر نند کمار گھوڑیلے، ضلع کلکٹر نول کشور رام، کارگزار پولس کمشنر ملند بھارمبے، ایڈیشنل کمشنر وجئے کمار پھڑ، شیوانند ٹاکسالے، ڈی سی پی دیپالی گھاڑگے، ڈپٹی کمشنر میتریوار، ڈپٹی کلکٹر انجلی دھانورکر، میونسپل کارپوریشن کی صفائی امبیسیڈر نویلی دیشمکھ ، ضلع پریشد و دیگر شعبوں کے افسران و ملازمین کثیر تعداد میں موجود تھے۔ سبھی نے صفائی قائم رکھنے کی قسم بھی کھائی۔ بھاپکر نے کہا کہ ہر گھر اور ہر شخص کی جانب سے شہر میں صفائی کیلئے پہل کرنا ضروری ہے۔ اس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے ہر سماج کے افراد کو آگے آنا چاہئے۔ اس مشن کے دوران آج صبح سات سے نو بجے کے درمیان اسکولی طلباء، مختلف این جی اوز، یونینوں کے نمائندے ‘ افسران و ملازمین نے اپنی موجودگی درج کروائی۔ صفائی مشن میں شامل ہونے والے افراد کو ہینڈ گلوز، ماسک و تھیلے مہیا کروائے گئے تھے۔ یونیورسٹی گیٹ سے شروع کیا گیا یہ مشن جبلی پارک، نرالہ بازار، شاہ نور میاں درگاہ، مکندواڑی، چکل تھانہ، کنچن واڑی اور شہر کے مختلف مقامات پر چلایا گیا۔ لوگوں نے بھی آج گیلے اور سوکھے کچرے کو الگ الگ جمع کیا۔

You might also like

Subscribe To Our Newsletter

You have Successfully Subscribed!