Published From Aurangabad & Buldhana

شہریانِ جالنہ کی جانب سے کوکن سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے دفترجماعت اسلامی جالنہ سے ضروری سامان سے بھرا ہوا کنٹینر روانہ

ایس آئی او جالنہ کی اپیل پر شہریان سمیت تمام ملی و سماجی تنظیموں کا بےمثال تعاون..

جالنہ(محمد اظہر فاضل کے ذریعے )
گزشتہ کچھ دنوں سے شدید بارش کی وجہ سے مغربی مہاراشٹرا کا خوشحال علاقہ کوکن کے بعض اہم مقامات قیامت خیز حالات اور سماوی آفات کی زد میں ہے۔مسلسل بارش نے سیلابی حالات پیدا کردئیے ہیں۔تقریباً دس پندرہ فٹ پانی رہائشی علاقوں میں داخل ہوچکا ہے جس سے ضروریات زندگی کے سامان پوری طرح تہس نہس اور عام زندگی مفلوج ہوچکی ہے۔ کثیر تعداد میں جانی و مالی نقصانات کی اطلاعات مل رہی ہیں۔ایسے تباہ کن حالات میں مختلف دینی ملی اور سماجی تنظیمیں میدان میں اتر کر پوری یکسوئی کیساتھ خدمتِ خلق کے کام بڑے پیمانے پر کررہی ہیں۔ سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کی امداد اور راحت رسانی کے لئے ہر علاقے سے ملت کے مخیرین دستِ تعاون دراز کئے ہوئے ہیں۔ایسے حالات میں ہماری یہ دینی ملی ایمانی اور اخلاقی ذمہ داری ہے کہ متاثرہ علاقوں میں زندگی اور موت کی کشمکش سے الجھ رہے انسانوں کی مدد کے لئے ہم اپنی حیثیت استطاعت اور توفیقِ الہی کے مطابق اپنا تعاون پیش کریں۔

اس طرح کی اپیل گزشتہ منگل کو ایس آئی او جالنہ کی جانب سے منعقدہ ہنگامی نشست میں شہر جالنہ کے تمام ملی و سماجی تنظیموں کے ذمہ داران سے کی گئی۔واضح رہے کہ دو دن کی قلیل مدت میں شہریان جالنہ بالخصوص سرکردہ ملی و سماجی تنظیموں آل انڈیا پیام انسانیت فورم، پاپولرفرنٹ آف انڈیا، جماعت اسلامی ہند،مجلس العلماء تحریک اسلامی،لوک ہت سنگھٹنا،لائمرسوشل گروپ، آل انڈیا مومن کانفرنس وغیرہ سمیت انفرادی و محلہ کی سطح پر لوگوں کے بھرپور تعاون سے تقریبا چار لاکھ روپئے کی خطیر رقم سے جمع شدہ اشیائے خوردونوش سمیت بنیادی ضروریات زندگی کے سامان سے بھرا ہوا کنٹینر گزشتہ روز جماعت اسلامی جالنہ کے دفتر سے روانہ ہوا۔

جس میں اوڑھنے بچھانے کی چادر،کمبل300، چٹائی،250 کچن سیٹ برتن 30سیٹس ، باتھ روم سیٹ 150 سیٹس ، دوائیاں، نئے کپڑے خواتین بچوں اور مد حضرات کے لیے، چاول بسکٹ کے 50باکس پانی کے 150 باکس مچھر مارنے کے کوئل کے 07باکس سمیت تمام چھوٹی بڑی ضرورت کی اشیاء وافر مقدار میں شامل کی گئی۔واضح رہے کہ گزشتہ دو دن سے پورے شہر میں جنگی پیمانہ پر اس مہم کو منایا گیا ہر علاقہ سے لوگوں نے بھر پور تعاون کیا بطورِ خاص خواتین اور بچوں نے خصوصی دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔اس پوری سرگرمی میں امجدخان،،معیزانصاری مومن کانفرنس ، فیروز بھائی پی ایف آئی، عظیم خان پیام انسانیت،ندیم بھائی، حافظ اکبر، مولانا عبدالرؤف ندوی،زبیر ندوی، شعیب ندوی، حافظ ندیم،شیخ عبدالمجیب،، شیخ اسماعیل امیرمقامی جماعت اسلامی ہند جالنہ ،مفتی الیاس، عبدالرزاق میمن،اطہرنوید سٹی پریزیڈنٹ اور وسیم انصاری سمیت جماعت اسلامی ہند اور ایس ائی او جالنہ کے رفقاء نے انتھک جدوجہد کیں۔ دعائیہ نشست کے ساتھ سامان سے لدی ہوئی گاڑی کوکن کی جانب روانہ کی گئی۔

You might also like

Subscribe To Our Newsletter

You have Successfully Subscribed!