Published From Aurangabad & Buldhana

سعودی عرب میں شاہ سلمان نے کئے کئی ردو بدل، پہلی مرتبہ خاتون کو بنایا نائب وزیر

ریاض۔ سعودی عرب میں شاہ سلمان نے پیر کے روز اعلی فوجی افسران اور کئی نائب وزراء کو ہٹا کر ان کی جگہ نوجوان افسران کو اہم اقتصادی اور دفاعی شعبوں کی ذمہ داری سونپ دی ہے۔ سرکاری ذرائع ابلاغ میں شائع شاہی فرمان کے مطابق، "سعودی آرمی کے چیف آف اسٹاف سبکدوش ہو گئے ہیں۔ ان کی جگہ فرسٹ لیفٹیننٹ جنرل فیاض بن حامد الرویلی کو یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے۔” اس کے علاوہ ملک کی فضائیہ اور بحریہ میں بھی نئے سربراہ مقرر کئے گئے ہیں۔

اس فرمان کے مطابق، اقتصادی اور دفاعی معاملات سے متعلق مختلف وزارتوں میں کئی نئے نائب وزراء اور نئے سٹی میئر مقرر کئے گئے ہیں۔ ان میں سب سے زیادہ قابل ذکر ڈاکٹر تماضر بن یوسف الرماح کی نائب وزیر محنت کی حیثیت سے تقرری ہے۔ یہ سعودی عرب میں کسی خاتون کی پہلی تقرری ہے جسے عام طور پر ایک قدامت پسند ملک سمجھا جاتا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق، ڈاکٹر تماضر بنت الرماح سیکرٹری لیبر وسماجی امور کے عہدے پر تعینات تھیں۔ ایک سیکرٹری سے نائب وزیر کے عہدے پر ترقی پانے والی وہ دوسری خاتون ہیں۔ پیشے کے اعتبار سے ڈاکٹر الرماح انجینیر ہیں۔ انہوں نے سنہ 2007ء میں مانچسٹر یونی ورسٹی کے میڈیکل وہیومن سائنس کالج سے ریڈیالوجی ومیڈیکل انجینیرنگ کے شعبے میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی جب کہ سنہ 2003ء میں انہوں نے ’ویلز بانگور‘ یونیورسٹی سے ’سی ٹی اسکین‘ میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کی تھی۔

شاہی فرمان میں یہ بھی بتایا گیا کہ شاہ سلمان کے بھائیوں شہزادہ احمد، طلال اور مقرن کے وارثین میں تین کو نائب گورنر مقرر کیا گیا ہے۔ بتا دیں کہ 2015 میں شاہ سلمان کو اقتدار ملنے کے بعد سے ہی ان میں سے کئی یہ محسوس کر رہے تھے کہ انہیں نظر انداز کر دیا گیا ہے۔ ان میں عسیر صوبہ کے نائب گورنر بنائے گئے ترکی بن طلال بھی شامل ہیں۔ وہ شہزادہ الولید بن طلال کے بھائی ہیں جنہیں حکومت کی بدعنوانی مخالف مہم کے تحت حراست میں لیا گیا تھا اور گزشتہ مہینہ ہی انہیں رہا کیا گیا ہے۔

در اصل، سعودی عرب میں 32 سالہ محمد بن سلمان کے نائب ولی عہد بننے کے بعد سے ہی وہاں متعدد اصلاحات کی گئی ہیں۔ وہاں خواتین پر عائد کئی پابندیوں کے ہٹنے کے بعد اب ایک خاتون کووزیر بنایا جانا بیحد اہم قدم مانا جا رہا ہے۔

You might also like

Subscribe To Our Newsletter

You have Successfully Subscribed!