Published From Aurangabad & Buldhana

راجستھان میں 45 لاکھ فرضی ووٹر، کانگریس نے کیا جانچ کا مطالبہ

کانگریس نے راجستھان میں 45 لاکھ فرضی ووٹر ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔ منگل کے روز انتخابی کمیشن سے ملاقات کر کانگریس نے آئندہ اسمبلی انتخابات سے قبل جانچ کر فرضی ناموں کو ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔

اس سال کے آخر میں ہونے والے راجستھان اسمبلی انتخابات سے پہلے ریاست کے ووٹر لسٹ میں لاکھوں فرضی نام ہونے کا سنگین معاملہ سامنے آیا ہے۔ کانگریس نے راجستھان کے ووٹر لسٹ میں 45 لاکھ فرضی ووٹر ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے منگل کو انتخابی کمیشن کو اس کی شکایت کی اور گزارش کی کہ آئندہ اسمبلی انتخابات سے پہلے غیر جانبدارانہ جانچ کراتے ہوئے فرضی ناموں کو لسٹ سے ہٹایا جائے۔ کانگریس نمائندہ وفد نے چیف الیکشن کمشنر او پی راوت سے ملاقات کر انھیں اپنے مطالبات سے مطلع کرایا۔ملاقات کے بعد پارٹی کے تنظیمی جنرل سکریٹری اشوک گہلوت نے کہا کہ ”اگر ووٹر لسٹ ہی درست نہیں ہوگا تو ایسے میں جمہوریت کا کیا ہوگا۔ یہ ایک سنگین ایشو ہے، اس لیے اس معاملے کو سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے۔“ انھوں نے مزید کہا کہ ”مدھیہ پردیش، راجستھان سمیت کئی دوسری ریاستوں میں بھی فرضی ووٹروں کی بات سامنے آئی ہے۔ اس ملک میں ایسے لوگ اقتدار میں آ گئے ہیں جو کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں۔“

نمائندہ وفد میں شامل راجستھان کانگریس کے صدر سچن پائلٹ نے کہا کہ گزشتہ کچھ سال کے دوران ووٹروں کی تعداد میں 70 لاکھ کا اضافہ ہوا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ 45 لاکھ ووٹروں کی جانچ ہونی چاہیے۔ یہ کام انتخابی کمیشن کو کرنا ہے۔ سچن پائلٹ نے بتایا کہ کئی جگہوں پر سینکڑوں ووٹرس ایسے ہیں جن کے پتے ایک ہیں۔ انھوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر نے کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے لیکن ہمارا مطالبہ ہے کہ یہ معینہ مدت کے اندر ہونا چاہیے۔

سچن پائلٹ نے بتایا کہ فرضی ووٹروں کے معاملے میں سپریم کورٹ کا بھی رخ کیا جائے گا۔ پارٹی کے سینئر لیڈر اور سپریم کورٹ کے وکیل وویک تنخا نے کہا کہ ”ہم نے راجستھان کے سبھی اسمبلی حلقوں کا جائزہ لیا اور پایا کہ ووٹروں کی تعداد میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے۔“ انھوں نے کہا کہ ایک دو فیصد کا اضافہ قابل قبول ہو سکتا ہے لیکن یہاں تو بہت زیادہ کا اضافہ ہوا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ راجستھان میں کل 4 کروڑ 75 لاکھ ووٹرس ہیں۔ ووٹر لسٹ کا تجزیہ کرنے سے پتہ چلا ہے کہ ان میں فرضی ووٹروں کی تعداد 45 لاکھ سے زیادہ ہے۔

You might also like

Subscribe To Our Newsletter

You have Successfully Subscribed!