Published From Aurangabad & Buldhana

دینِ اسلام کے بےلوث خادم کیرالہ کے قدآور اور عظیم رہنما، جماعت اسلامی ہند کے سابق نائب امیر پروفیسر صدیق حسن کا انتقال

انکی کوششوں سے پورے ملک میں بنا سود کے قرض دینے والے 300بنک قائم ہوسکے

کیرالہ: جماعت اسلامی ہند کے قد آور قائد، سابق نائب امیر جماعت اور خدمت خلق کے عنوان سے جماعت اسلامی ہند میں VISION کی شروعات کرنے والے پروفیسر صدیق حسن انتقال کرگئے۔ جماعت اسلامی ہند کے امیر جماعت سید سعادت اللہ حسینی صاحب نے اس موقع پر کہا کہ صدیق حسن صاحب کی رحلت سے آج ہم نے تحریک اسلامی کا ایک عظیم قائد ہی نہیں کھویا بلکہ ایک ایسے جامع الکمال انسان سے محروم ہوگئے جو کئی پہلوؤں سے ملت اسلامیہ کے نوجوانوں کے لئے آج کے دور میں ایک نمونے کی حیثیت رکھتا تھا۔

امیر جماعت نے ان کے بارے میں مزید فرمایا کہ حرکت و پیش قدمی، جرأت و حوصلہ مندی، بے غرضی و عالی ظرفی، صلاحیت و مہارت کی قدردانی اور اس سے استفادہ، منصوبہ بندی و دور اندیشی، بلند نگاہی، آئین نو سے نہ ڈرنے اور طرز کہن پہ نہ اڑنے کی صلاحیت ، یہ وہ اوصاف ہیں جن کی کمیابی ہمارے زوال کے اسباب میں سے ایک اہم سبب ہے۔

واضح ہو کہ جماعت اسلامی ہند کی جانب سے ہیومن ویلفیر فاؤنڈیشن کے تحت وژن پروگرام جو شروع کیا گیا تھا جو بڑی کامیابی سے پورے ملک میں اپنے خدمت خلق کے کام انجام دے رہا ہے اس کا منصوبہ اور اس کا نفاذ محترم صدیق حسن صاحب نے ہی انجام دیا تھا۔

صدیق حسن صاحب اپنی ہمت اور سادگی کے لئے مشہور تھے۔ وہ تحریک کے مقصد کے لئے ہمیشہ حاضر رہتے تھے اور صرف مقصد ہی کو ہر چیز پر فوقیت دیتے تھے۔

صدیق حسن صاحب کے انتقال پر زندگی نو کے ایڈیٹر محی الدین غازی نے لکھا ہے کہ اللہ کا ولی آج رخصت ہوگیا. بہت عظیم انسان.. سراپا عظمت… جس سے ہم ہمت اور جذبے کا درس لیتے.. جس سے مل کر ایمان تازہ ہوجاتا… جس نے کچھ کرنے کا شوق جگایا… جس کے ایک اشارے پر دل سب کچھ قربان کرنے کے لیے تیار ہوجاتا.. اللہ کی رحمتیں ہوں آپ پر صدیق حسن صاحب…
میرا دل آپ کی یادوں کا مزار جمیل ہے.

https://www.facebook.com/drmuhiuddinghazi/posts/2934578420148120

جماعت اسلامی ہند حلقہ مہاراشٹر کے امیر رضوان الرحمان خان نے اس موقع پر کہا کہ ایک اور اہم شخصیت ہم سے جدا ہوگئی۔ جن کوششوں سے پورے ملک میں بنا سود کے قرض دینے والے تقریباً 300بنک قائم ہوسکے تھے۔ جنہوں نے وژن 2026کے عنوان سے ایک خوشحال بھارت کا خواب دیکھا تھا۔

You might also like

Subscribe To Our Newsletter

You have Successfully Subscribed!