Published From Aurangabad & Buldhana

بھاگلپورفساد : مرکزی وزیر اشونی کمار چوبے کے بیٹے سمیت نو ملزموں کے خلاف گرفتاری وارنٹ جاری

بھاگلپور: بہار میں بھاگلپور ضلع کے ناتھ نگر میں بدامنی اور دنگا فساد کے الزام میں عدالت نے صحت کے مرکزی وزیر مملکت اشونی کمار چوبے کے بیٹے ارجت شاشوت چوبے سمیت نو ملزمان کے خلاف گرفتاری وارنٹ جاری کیا ہے۔ اپر چیف جوڈیشل مجسٹریٹ (اول) اے کے شریواستو کی عدالت میں ناتھ نگر تھانے کے پولیس انسپکٹر محمد جنیف الدین نے کیس ڈائری کے ساتھ مذکورہ معاملہ کے نو نامزد ملزمان کے خلاف گرفتاری وارنٹ جاری کرنے کے لئے درخواست دی تھی۔ درخواست اور کیس ڈائری کے مشاہدہ کے بعد عدالت نے کل رات وزیر کےبیٹے ارجت شاشوت چوبے سمیت تمام نو ملزمان کے خلاف گرفتاری وارنٹ جاری کرنے کا حکم دے دیا۔

ناتھ نگر پولیس نے آس پاس کے علاقوں میں جزوی کشیدگی اور رام نومي کے پیش نظر اپر چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ (اول) کی عدالت میں ملزمان کے خلاف گرفتاری وارنٹ کے لئے د ی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ تمام ملزم ناتھ نگر علاقے سے باہر کے ہیں اور اپنی گرفتاری کے خوف سے بھاگ گئے ہیں اور لا اینڈ آرڈر کو برقرار رکھنے میں رکاوٹ پیدا کر رہے ہیں۔ لہذا، تمام ملزمان کی گرفتاری کے لئے وارنٹ جاری ہونا ضروری ہے۔ یہ وارنٹ ارجت شاشوت چوبے، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے مہا نگر صدر ابھے کمار گھوش عرف سونو گھوش سمیت نو افراد کے خلاف جاری کیا گیاہے۔ ان ملزمان پر 17 مارچ کو ناتھ نگر میں جلوس کے دوران ہتھیاروں کے ساتھ مظاہرہ کرنے اور ڈی جے پر قابل اعتراض گانے بجانے کا الزام لگایا گیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ ضلع کے ناتھ نگر مارکیٹ میں گزشتہ دنوں جلوس کے دوران دنگا فساد میں بہت سے پولیس اہلکار اور گاؤں والے زخمی ہو گئے تھے۔ بعد میں ناتھ نگر تھانے کے داروغہ هری كشور چودھری کے بیان پر پولیس نے وزیرکے بیٹے ارجت شاشوت چوبے سمیت نو لوگوں کو معاملہ میں نامزد ملزم بنایا ہے۔

You might also like

Subscribe To Our Newsletter

You have Successfully Subscribed!