Published From Aurangabad & Buldhana

بھارت دورے کیلئے اہل خانہ کے ساتھ امریکہ سے روانہ ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ دو روزہ دورے پر پیر کو ہندوستان پہنچ رہے ہیں ۔ ہندوستانی وقت کے مطابق اتوار کی رات سوا آٹھ بجے وہ واشنگٹن سے روانہ ہوئے ۔ وہ امریکہ کے ساتویں صدر ہیں ، جو ہندوستان کے دورہ پر پہنچ رہے ہیں ۔ دو روزہ دورہ کے دوران وہ 36 گھنٹے ہندوستان میں قیام کریں گے ۔ اس دوران وہ کافی مصروف رہیں گے ۔ ان کے ساتھ ان کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ ، بیٹی ایوانکا ٹرمپ ، داماد اور اعلی سطحی وفد بھی ہندوستان پہنچ رہا ہے ۔


وزارت خارجہ بتایا کہ شیڈیول کے مطابق صدر ٹرمپ صبح 11 بج کر 40 منٹ پر احمد آباد کے سردار ولبھ بھائی پٹیل بین الاقوامی ہوائی اڈہ پر پہنچیں گے ۔ دوپہر 12.15 بجے ٹرمپ سابرمتی آشرم پہنچیں گے ۔ دوپہر 1.05 بجے وہ احمد آباد کے موٹیرا اسٹیڈیم میں نمستے ٹرمپ پروگرام میں شرکت کریں گے ۔ یہاں پر وہ تقریبا 1.10 لاکھ لوگوں سے خطاب کریں گے ۔ یہ پروگرام امریکہ کے ہیوسٹن میں ہوئے ہاوڈی مودی پروگرام کے طرز پر ہوگا ۔


گجرات سے دہلی پہنچنے سے پہلے ٹرمپ اپنے کنبہ کے ساتھ تاج محل کا دیدار کرنے کیلئے آگرہ جائیں گے ۔ سہ پہر 3.30 بجے وہ آگرہ کیلئے طیارہ میں سوار ہوں گے ۔ شام 4.45 بجے صدر ٹرمپ آگرہ پہنچیں گے ۔ شام 5.15 بجے تاج محل کا دیدار کریں گے ۔ تاج محل پہنچنے پر اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ ان کا خیر مقدم کریں گے ۔ بتایا جارہا ہے کہ ٹرمپ کنبہ تقریبا 50 منٹ تک تاج محل کا دیدار کرے گا ۔ شام 6.45 بجے وہ دہلی کیلئے روانہ ہوں گے اور شام ساڑھے سات بجے وہ قومی راجدھانی دہلی پہنچ جائیں گے ۔

دورہ کے دوسرے دن منگل کو ٹرمپ کا راشٹرپتی بھون میں صبح 10 بجے آفیشل طور پر خیر مقدم کیا جائے گا ۔ اس کے بعد 10 بج کر 30 منٹ پر ٹرمپ راج گھاٹ پر مہاتما گاندھی کی سمادھی پر خراج عقیدت پیش کریں گے ۔ صبح 11 بجے حیدرآباد ہاوس میں وزیر اعظم مودی کے ساتھ ان کی ایک ملاقات ہوگی ۔ دوپہر 12 بج کر 40 منٹ پر حیدرآباد ہاوس میں ہی معاہدوں پر دستخط کئے جائیں گے ۔ وزیر اعظم مودی صدر ٹرمپ کیلئے دوپہر میں ظہرانہ کا اہتمام کریں گے ۔ شام میں ٹرمپ امریکہ کی خاتون اول کے ساتھ راشٹرپتی بھون پہنچیں گے ، جہاں صدر جمہوریہ ہند ان کیلئے عشائیہ کا اہتمام کریں گے ۔ عشائیہ میں حکمراں اور اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈروں کو بھی مدعو کیا گیا ہے ۔ رات 10 بجے ٹرمپ امریکہ کیلئے روانہ ہوجائیں گے ۔

You might also like

Subscribe To Our Newsletter

You have Successfully Subscribed!