Published From Aurangabad & Buldhana

اے ون ٹوراینڈ ٹراویلس کی عمرہ زائرین سے دھوکہ دہی

۲۸؍ افراد سے پندرہ لاکھ لے کر آپریٹر رفیق فرار ‘چارسوبیسی کامعاملہ درج

اورنگ آباد: ۲۰؍جون (اسٹاف رپورٹر )اورنگ آبادشہرکے کراڑپورہ ‘مکندواڑی‘ رحمانیہ کالونی ودیگر علاقوں کے۲۸؍معتمرین (عمرہ کوجانے والے) کو اے ون ٹورس اینڈ ٹراویلس کے آپریٹر نے جعلسازی کرکے دھوکہ دیا۔ اس ضمن میں ان تمام متاثرین نے جنسی پولس اسٹیشن پہنچ کر آپریٹر رفیق عبدالقیوم خان عرف مولانا کے خلاف شکایت درج کروائی۔اس ضمن میں متاثرین نے دفتر ایشیاایکسپریس پہنچ کر نمائندہ سے گفتگوکی۔انہوں نے بتایاکہ ہم۲۸؍افرادنے گزشتہ ۳۰؍مئی ۲۰۱۸ء کو گروپ بکنگ کے ذریعہ اے ون ٹورس اینڈ ٹراویلس کے دفتر میں رفیق عبدالقیوم مولانا سے ربط کیاتھا۔انہوں نے کہاکہ تمہیں رعایتی قیمت میں عمرہ کرواؤں گااوردوران سفرتمام سہولیات فراہم کروں گا۔

جس پراعتمادکرکے ان لوگوں نے ۳۰؍مئی تا ۱۵؍جون کے درمیان اقساط میں فی کس پچاس پچاس ہزار روپئے رفیق کواداکیے۔ رفیق نے انہیں ۱۷؍جون کی شب کراڑپورہ میں واقع اپنے دفتر سے ٹراویلس بس کے ذریعہ ممبئی روانہ کیا۔اس دوران ٹورآپریٹر رفیق کابھائی ان کے ہمراہ تھا۔ان تمام کو پہلے ہی رفیق نے ٹکٹ دے دیے تھے۔یہ لوگ جیسے ہی ۱۸؍جون کی صبح ائیرپورٹ پہنچے تب انہیں پتہ چلاکہ ان کے ٹکٹ جعلی ہیں۔ان تمام کو ائیرپورٹ میں چیک ان کے دوران روک لیاگیا اورانہیں لوٹنے پرمجبورکردیاگیا۔ان تمام مسافرین کے ویزے کی کاروائی کرنے والا شخص ائیرپورٹ پہنچا۔ اس نے کہا کہ میں نے آپ تمام کوویزا سعودیہ عربیہ کالگادیاہے لیکن رفیق نے مجھے ابک تک رقم نہیں دی۔

ان تمام نے آپس میں ایک لاکھ ساٹھ ہزارجمع کرکے ویزہ لگانے والے کواداکیے۔لیکن ویزہ لگانے والاشخص رات دیرگئے تک نہیں لوٹا اوران تمام کے پاسپورٹ بھی اس کے پاس ہی ہیں۔ان لوگوں نے جیسے ہی رفیق سے ربط کیا تب رفیق نے کہاکہ مجھ سے غلطی ہوگئی ۔میرے پاس رقم نہ ہونے کے سبب میں آج تمہیں روانہ نہیں کرسکتا۔لیکن اگر آپ لوگ مجھے مزید دس لاکھ اداکرتے ہیں تو میں ۱۹؍جون کی پرواز سے تمہیں سعودیہ عربیہ روانہ کردوں گا۔

رفیق کے بھائی مجاہد نے ان مسافرین سے دس کے بجائے پانچ لاکھ طلب کیے اوراس کے بعد کہاکہ میں تمہیں کل کی فلائٹ سے مکہ مکرمہ روانہ کردوں گا۔ جبکہ پہلے ہی ٹھگے جاچکے یہ لوگ ذہنی ومعاشی طورپر پریشان تھے۔اس ضمن میں پولس میں شکایت درج کروانے والے شیخ انیس نے ایشیاایکسپریس کوبتایاکہ ہم نے بارہا مدینہ منورہ میں موجود ٹورآپریٹر رفیق سے ربط کرکے مطالبہ کیاکہ ہمیں کسی بھی حالت میں ٹکٹ بنواکر وہاں بلوالوہم رقم کانظم کرلیں گے۔باوجوداسکے اس نے انکارکردیااورکہاکہ اگرتم لوگ دس یاپانچ لاکھ دیتے ہیں تومیں مکہ پہنچنے پر تمہیں رقم اداکردوں گا۔
ممبئی ائیرپورٹ پر یہ ڈرامہ رات ساڑھے بارہ بجے تک جاری رہا۔ انیس نے بتایاکہ جس ایجنٹ نے ہم سے ایک لاکھ ساٹھ ہزار ویزہ کے عوض وصول کیے تھے وہ بھی رفوچکرہوگیا۔اب تک نہ ہمیں ہمارے پاسپورٹ ملے ہیں اورنہ ہی دیگردستاویزات ۔آخرکار ہم تمام اٹھائیس لوگ مایوس ہوکر اسی بس کے ذریعہ اورنگ آبادروانہ ہوئے۔

کسے بھی بخشانہیں جائیگا‘وسورکر

اس ضمن میں آج تمام متاثرہ مسافرین نے جنسی پولس اسٹیشن پہنچ کر شکایت درج کروائی۔ جہاں پر انہوں نے پی آئی شیام سندر وسورکر سے ملاقات کی ۔رفیق ودیگر دوساتھیوں کی جعلسازی سے انہیں واقف کروایا۔صحافیوں نے جب پی آئی وسورکرسے اس ضمن میں استفسار کیاتوانہوں نے بتایاکہ یہ معاملہ چونکہ مذہبی ہونے کے ساتھ سنجیدہ بھی ہے۔ان لوگوں کے ساتھ واقعتا دھوکہ دہی کی گئی ہے۔اسلئے ہم تمام قانونی پہلوؤں کے پیش نظر خاطیوں کے خلاف معاملہ درج کررہے ہیں۔پولس نے آج دوپہر سے ہی رفیق کے علاوہ دیگر دوملزمین کی تلاش شروع کردی تھی۔ لیکن نہ توان کے موبائل جاری تھے اورنہ وہ اپنے دفترومکان پر موجودتھے۔

اے ون ٹوراینڈ ٹراویلس کے کراڑپورہ میں واقع دفتر کوقفل لگاہے اوراس کابورڈ نکال دیاگیاہے۔ یہ تمام تینوں مفرورہیں۔ان کے خلاف 420اور 120 Bکے تحت معاملہ درج کیاجائیگا۔وسورکرکامانناہے کہ ہمارے پاس ماضی میں بھی ٹورآپریٹررفیق کے حج وعمرہ کے زائرین کے ساتھ جعلسازی ودھوکہ دہی کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔اس ضمن میں بھی ہم گہرائی سے تحقیقات کررہے ہیں۔

You might also like

Subscribe To Our Newsletter

You have Successfully Subscribed!