Published From Aurangabad & Buldhana

اَورنگ آباد: پانی فراہمی کیلئے اِسرائیلی حکومت کی میکوروٹ کمپنی سے معاہدہ

اِقتدار کے چار سالوں میں BJP نے ’’وِکاس‘‘ اور عوامی فلاحی اسکیمات کو ایک تحریک کی شکل دی ہے ,آئندہ اِنتخابات کے پیشِ نظر ساوِتری لانس میں منعقدہ پارٹی کارکنان کی میٹنگ میں ببن راؤ لونیکر کے خوش کُن وعدے

اَورنگ آباد: ۲؍ نومبر ( نامہ نگار) ترقی و عوامی فلاح و بہبود کے موضوع پر چار سال قبل ریاست کا اقتدار حاصل کرنے والی بی جے پی حکومت نے اپنے دورِ اقتدار میں ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کو ایک تحریک کی شکل دیدی ہے اور یہ کامیابی ریاست کے عوام کی مرہونِ منت ہے۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر برائے تحفظِ آب و صاف صفائی اُمور ببن راؤ لونیکر نے کیا۔وہ آج بیڑ بائے پاس کے ساوتری لانس میں منعقدہ پارٹی کارکنان کی میٹنگ سے مخاطب تھے۔

اس موقع پر مراٹھواڑہ آئینی ترقیاتی بورڈ کے صدر ڈاکٹر بھاگوت کراڑ‘ رکنِ اسمبلی اتل ساوے‘ بھاؤ صاحب دیشمکھ‘ ایکناتھ جادھو‘ ولاس راؤ کھرات‘ اروند چوہان‘ گیانوبا منڈے‘ رامیشور بھاندرگے سمیت بی جے پی کے دیگرعہدیداران موجود تھے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں ببن راؤ لونیکر نے کہا کہ چار سال قبل 30 اکتوبر کو بی جے پی نے ریاست کا اقتدار سنبھالا تھا‘ اور ان چار سالوں میں ریاستی عوام کی جانب سے بی جے پی پر کیے گئے اعتماد کو ہم نے برقرار رکھا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی ہمیشہ ہی عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور 2019 میں منعقدہ انتخابات میں بھی عوام بی جے پی کے حق میں ہی فیصلہ دیں گے۔

لونیکر نے کہا کہ ریاست کا اقتدار سنبھالنے کے بعد انھوں نے پانی فراہمی اور صفائی اُمور سے متعلق وزارت کی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں اور ان ذمہ داریوں کو اُنھوں نے گذشتہ چار سالوں میں دیانتداری سے پورا کرنے کی کوشش کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ وزارت سنبھالنے کے بعد ریاست کو صفائی سروے میں بہترین کامیابی حاصل ہوئی ہے‘ اسی طرح ریاست کے کونے کونے میں پانی پہنچانے اور عوام کو صاف پانی فراہم کرنے کیلئے قومی پانی فراہمی اسکیم کے تحت 6 ہزار 687 کروڑ کا فنڈ فراہم کیا گیا ہے۔ انھوں نے کھلے میں رفع حاجت کو ختم کرنے کے سلسلے میں بیت الخلاء کی تعمیر کو بھی بی جے پی حکومت کی ایک اہم کامیابی بتاتے ہوئے کہا کہ اس کام کیلئے حکومت نے علیحدہ فنڈ مختص کیا ہے۔

پانی فراہمی کے انتظامات سے متعلق حکومت کے اقدامات کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے ببن راؤ لونیکر نے بتایا کہ ریاست کے تمام دیہاتوں میں آبی سربراہی کو یقینی بنانے کیلئے اسرائیلی حکومت کے ساتھ ایک معاہدہ کیا گیا ہے‘ جس کے تحت اسرائیل کی میکوروٹ کمپنی دسمبر 2018 تک ایک ماسٹر پلان تیار کریگی‘ جس میں زیرِ زمین پانی کی سطح کے مشاہدے اور اس کے استعمال سے متعلق رہنماء خطوط واضح کیے جائیں گے۔ انھوں نے حکومت کی مختلف اسکیمات کو آن لائن طرز پر روبہ عمل لانے کی یقین دہانی بھی کروائی۔ اس موقع پر تمام حاضرین نے آئندہ انتخابات میں بی جے پی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کا عزم دوہرایا۔

You might also like

Subscribe To Our Newsletter

You have Successfully Subscribed!