Published From Aurangabad & Buldhana

اَورنگ آباد: دہلی اور گڑ گاؤں میں منعقدہ معذوروں کے عالمی کپ میں شہر کے کوچ شیخ حبیب کے تربیت یافتہ کھلاڑی شیخ ندیم کا اِنتخاب

اَورنگ آباد ضلع کرکٹ اَسوسی ایشن کی جانب سے شیخ ندیم کا اِستقبال اَور دہلی سفر کا خرچ فراہم

اَورنگ آباد: ۱۲؍ اکتوبر (نامہ نگار) آئندہ ماہ 22 نومبر تا 30 نومبر کے درمیان دارالحکومت دہلی اور گڑگاؤں (گرو گرام) میں معذور کھلاڑیوں کا ٹی۔ ٹوئٹنی عالمی کپ منعقد ہورہا ہے۔ اس عالمی کپ میں ہندوستان سمیت کرکٹ کھیلنے والے آٹھ ممالک کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ اس ورلڈ کپ کیلئے ہندوستانی معذور کھلاڑیوں کی ٹیم کا انتخاب بھی عمل میں آچکا ہے‘ جس میں اورنگ آباد شہر کے دائیں ہاتھ کے تیز گیند باز شیخ ندیم شیخ رفیق کا بھی انتخاب کیا گیا۔

اس کی اطلاع شیخ ندیم اور اورنگ آباد ڈسٹرکٹ کرکٹ اسوسی ایشن کے کوچ حبیب شیخ نے دی۔ آج ڈسٹرکٹ کرکٹ اسوسی ایشن سڈکو کے دفتر میں ایک پریس کانفرنس منعقد ہوئی۔ اس پریس کانفرنس سے کوچ شیخ حبیب کے علاوہ اورنگ آباد ڈسٹرکٹ کرکٹ اسوسی ایشن کے سیکریٹری سچن مڑے‘ ایڈوکیٹ اتول کراڑ و دیگر کوچز نے خطاب کیا۔ میڈیا نمائندوں کو معذور کھلاڑی شیخ ندیم سے متعلق تفصیلات بتلاتے ہوئے سچن مڑے نے کہا کہ دہلی اور گڑ گاؤں میں منعقدہ معذوروں کے عالمی کپ میں شہر کا ایک کھلاڑی شامل ہونا ہمارے لیے فخر کی بات ہے‘

انھوں نے کہا کہ یہ سب کوچ شیخ حبیب کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ اسی طرح ایڈوکیٹ اتول کراڑ نے بھی شیخ حبیب و اُس کے والد شیخ رفیق کو مبارکباد پیش کی۔ واضح رہے کہ 22نومبر سے دہلی و گڑگاؤں میں معذور کھلاڑیوں کا ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ منعقد ہورہا ہے۔ اس عالمی کپ میں ہندوستان‘ پاکستان‘ بنگلہ دیش‘ افغانستان‘ سری لنکا‘ جنوبی افریقہ‘ انگلینڈ اور آسٹریلیاء کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ اس عالمی کپ میں ہندوستانی ٹیم میں ملک کی مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔

جس میں ریاستِ مہاراشٹر سے واحد کھلاڑی اورنگ آباد شہر کے شیخ ندیم کو شامل کیا گیا ہے۔ شیخ ندیم انتہائی محنت و مشقت سے اسکولی ٹیم سے اپنے سفر کا آغاز کیا‘ بعد ازاں ان کی مسلسل محنت کے سبب ضلع سطح کی معذور وں کی کرکٹ ٹیم میں انہیں شامل کیا‘ اسی طرح انھوں نے ریاستی ٹیم میں جگہ بنائی اور اب انہیں بہترین کارکردگی کی بدولت قومی ٹیم میں شامل کرکے ورلڈ کپ میں نمائندگی کا موقع ملا ہے۔

You might also like

Subscribe To Our Newsletter

You have Successfully Subscribed!