Published From Aurangabad & Buldhana

اورنگ آباد: کھلونوں کے کاروباری کے ساتھ 45لاکھ روپئے کی دھوکا دہی

اورنگ آباد: کھلونے کے کاروباری کے ساتھ 45لاکھ روپئے کی دھوکا دہی کرنے کے الزام میں 3لوگوں پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ یہ گھوٹالہ پچھلے 3سالوں سے جاری تھا۔ اس معاملے کو لیکر کرانتی چوک پولس تھانہ میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ شکایت کردہ کے ساتھ دھوکا دہی کرنے والے اس کے قریبی رشتہ دار بتائے جارہے ہیں۔ پولس افسران کے مطابق جعلی دستاویزات کو تیار کر نے میں قریبی رشتہ داروں کا اہم کردار رہا جس کی بنیاد پر دھوکا دہی کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق 40سالہ سچن چتلنگی نے اپنی شکایت میں بتایا کہ اس نے اپنے رشتہ داروں کو شہر کے گلمنڈی علاقہ میں واقع تجارت میں کام کے لئے رکھا تھا۔ملزمین کی ذمہ داری ہول سیل سامان مہیا کرنے والوں کو سامان کا آرڈر دینا تھا۔ سامان آنے کے بعد اس کو گننا اور جانچ کرنے کے بعد ہول سیل سامان بھیجنے والے کو رسید دینا ہوتی تھی۔ ان رسیدوں کی بنیاد پر اسے پیسہ دیا جاتا تھا۔ 2016میں چتلنگی نے اپنی مکمل تجارت کے کام کاج ان رشتہ داروں کے ہاتھوں میں سونپ دیے تھے۔
اس موقع کا غلط استعمال کرتے ہوئے ملزمین نے ہول سیلر کے ساتھ مل کر جعلی بل بنائے۔ پولس میں درج شکایت کے مطابق ملزمین نے دکان میں ان سامان کے جعلی بل بناکر جمع کیے جو آیا ہی نہیں تھا۔چتلنگی نے بھروسہ کر بنا جانچ کیے پیسہ مہیاء کروا دیے۔

یہ گھوٹالہ اس وقت سامنے آیا جب چتلنگی کو پتہ چلا کہ اس کی تجارت نقصان میں جارہی ہے۔ جس کے بعد اس نے بلوں کی دوبارہ جانچ کی اور اسے آئے ہوئے سامان اور بلوں میں گڑ بڑ محسوس ہوئی۔معاملے کی جانچ کر رہے پولس افسر گجانن سونٹکے نے بتایا کہ ”درج شدہ شکایت کے حساب سے ہم نے تینوں ملزمین کے خلاف دھوکا دہی کا مقدمہ درج کیا ہے۔ ملزمین کی گرفتاری ابھی عمل میں نہیں آئی ہے“۔

You might also like

Subscribe To Our Newsletter

You have Successfully Subscribed!