Published From Aurangabad & Buldhana

اورنگ آباد: کچرا نکاسی میں جاری دھاندلیوں اور بدمعاشیوں میں رکاوٹ بننے کے خدشہ کے سبب وارڈ آفیسرس کے ذریعہ سابق فوجیوں کی حوصلہ شکنی

ہنگامی میٹنگ کے دوران میئر گھوڑیلے اور ایڈیشنل کمشنر بھال سنگھ نے لی متعلقہ افسران کی خبر

اورنگ آباد 10 اکتوبر (سینئر رپورٹر)اصولوں کی بنیاد پر کچرا نکاسی کو یقینی بنانے ، شہر کو صاف ستھرا رکھنے کا عادی بنانے اور دیگر بلدی کاموں کی تکمیل کیلئے میونسپل کمشنر ڈاکٹر نپون وینائک اور میئر نندکمار گھوڑیلے نے سابق فوجیوں پر مشتمل خصوصی سٹیزن فرینڈس اسکواڈ تشکیل دینے کا منصوبہ بنایا تھا۔ اس منصوبہ کوگذشتہ جنرل باڈی میٹنگ میں باقاعدہ منظوری بھی دی گئی ۔ سبھی 9 زون کے لئے 9 دستے تشکیل دیئے گئے، ہر دستے میں 9 سابق فوجیوں کی شمولیت کی گئی ۔

سابق فوجیوں کے ان دستوں نے تین دن قبل سونپی گئی ذمہ داریوں کو ادا کرنے کی شروعات کی۔ لیکن میونسپل افسران اور سولیڈ ویسٹ مینجمنٹ سے وابستہ ملازمین سابق فوجیوں کو برداشت کرنے تیار نہیں ہیں ۔ متعدد زون کے وارڈ آفیسرس اور سینٹری انسپکٹرس اپنی اجارہ داری ختم ہونے سے بوکھلا اٹھے ہیں ۔ کیونکہ وارڈ آفیسرس، سینٹری انسپکٹرس اور صفائی عملہ اب تک جو دھاندلیاں اور بدمعاشیاں کرتا رہا ہے، سابق فوجیوں کی وجہ سے ان سب پر قدغن لگ جائے گا۔ اسی لئے کچھ وارڈ آفیسرس نے سابق فوجیوں کے مذکورہ دستوں کو ان کی ذمہ داریاں ادا کرنے سے روکنے کی کوشش کی ۔ سابق فوجیوں سے پوچھا جا رہا ہے کہ تمارا آخر اس کام سے کیا سروکار ہے ۔ آپ لوگوں کے پاس شناختی کارڈ ہیں کیا؟ اس طرح فضول اعتراضات کے ذریعہ فوجیوں کی حوصلہ شکنی کر رہے ہیں ۔

فوجی ڈسپلین کے عادی سابق فوجیوں سے یہ بات برداشت نہیں ہوئی ۔ انہوں نے آج میئر گھوڑیلے سے اس سلسلہ میں شکایت کی۔ اس بات کا علم ہوتے ہی میئر گھوڑیلے، ایڈیشنل کمشنر بھال سنگھ اور سولیڈ ویسٹ مینجمنٹ انچارج بھومبے نے آج ہنگامی میٹنگ طلب کی اور وارڈ آفیسرس کی خوب مزاج پرسی کی ۔میئر گھوڑیلے اور ایڈیشنل کمشنر بھال سنگھ نے وارڈ آفیسرس سے کہا کمشنر اور میئر کے حکم پر اور جی بی میں منظورشدہ قرارداد کے تحت سابق فوجیوں کو یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ انہیں اپنے فرائض انجام دینے دیں، روکنے کی کوشش کی گئی تو اب سخت کاروائی کی جا ئے گی۔

بعدازاں میئر گھوڑیلے نے سابق فوجیوں کے دستوں سے ان کی تین روزہ کارکردگی کا جائزہ لیا۔ تمام 9 زون میں جملہ 81 سابق فوجیوں کو مقرر کیا گیا ہے ۔ جن میں سے اسکواڈ میں 40 سابق فوجیوں کو شامل کیا گیا ہے اور 41 سابق فوجیوں کو سیکوریٹی پر مقرر کیا گیا ہے ۔ گذشتہ تین دنوں کے دوران فوجیوں کے دستوں نے 45 ہزار روپئے جرمانہ وصولی کی۔

You might also like

Subscribe To Our Newsletter

You have Successfully Subscribed!