Published From Aurangabad & Buldhana

اورنگ آباد: میونسپل کارپوریشن کے کچرے کے ٹرک پر پڑے گاؤں میں پتھراؤ

اورنگ آباد:۔ پڑے گاؤں کے ساکنان نے کل اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن کے کچرا لے جارہے ٹرک پر پتھراؤ کردیا۔
مزید تفصیلات کے مطابق کارپوریشن کا ٹرک پڑے گاؤں کے پاس موجود کارپوریشن کے مضبح خانہ کے پاس کچراڈالنے کے لئے جارہا تھا ۔اس حادثہ میں معمولی زخموں کے بعد کسی طرح ڈرائیور ٹرک سے نکل کر بھاگنے میں کامیاب ہواجبکہ ٹرک کی کانچ کو اس میں نقصان پہنچا۔ پتھراؤ کے ساتھ ہی ساکنان نے میونسپل کارپوریشن کے خلاف نعرے لگائے۔
واضح ہوکہ امسال مارچ میں ہی کچرے کو لیکر شہر میں سنگین تشدد ہوا تھا جب کارپوریشن نے مٹمٹہ کے پاس آپے واڑ ی میں کچرا ڈالنے جارہی تھی۔ اس تشدد کے بعد طاقت کا غلط استعمال کرنے اور معاملے کو ٹھیک سے نہ سنبھالنے کے الزام میں شہر کے پولس کمشنر اور میونسپل کمشنر کو اپنے عہدے سے ہاتھ دھونا پڑا تھا۔
مسئلہ کہیں زیادہ نہ بڑھ جائے اور دوبارہ قانون کو لوگ اپنے ہاتھ میں نہ لے لیں اس غرض سے شہر پولس نے پولس فورس کی بڑی تعداد کو لگانے کے بجائے فساد روک تھام دستہ کو تعینات کردیا تھاجسکے بعد ٹرک میں موجود کچرے کو اپنی جگہ پر ڈال دیا گیا تھا۔
جیسے ہی یہ معاملہ اعلیٰ پولس افسران کی معلومات میں لایا گیا پولس کی جانب سے کچرے کے ٹرک کے ساتھ رہنے کے لئے پولس کا ایک دستہ تیار کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پولس کی مدد سے تقریباً 100کچرے کے ٹرک پڑیگاؤں میں ڈالے جاچکے ہیں۔نائب پولس کمشنر ونائک ڈھاکنے نے اس موقع پر کہا کہ ’’ جب یہ معاملہ ہمارے سامنے آیا کچرے کے ٹرکوں کو وافر پولس فورس مہیاء کی جا چکی ہے۔پولس افسر نے کہا کہ پولس کسی بھی قسم کے حالات سے نپٹنے کے لئے تیار ہے۔
کچرے کے مسئلہ کو ٹھیک سے حل نہ کرنے کی وجہ سے میونسپل کارپوریشن سابقہ 5ماہ سے الجھی ہوئی ہے۔ مسئلہ کے حل کے لئے شہر کے کچرے کو چکل تھانہ کے ایک پلاٹ پر ڈالا جارہا تھا۔ کل کارپوریشن نے کچرے کو پڑیگاؤں کی اپنی زمین پر ڈالنا شروع کیا۔
جب اس معاملہ سے متعلق میونسپل کارپوریشن کے میئر نندکمار گھوڑیلے سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ’’ ہم نے پڑیگاؤں کے ساکنان کو قائل کرلیا تھا جس کے بعد کارپوریشن نے اپنی زمین پر کچرا ڈالنا شروع کیا تھا۔ کل کارپوریشن کے تقریباً 170mX170mکے پلاٹ پر کچرے کے 100ٹرک ڈالے گئے۔

You might also like

Subscribe To Our Newsletter

You have Successfully Subscribed!