Published From Aurangabad & Buldhana

اورنگ آباد: غیر قانونی نل کنکشن کو ریگولرائز کروانے ابھئے یوجنا کو جی بی کی منظوری آج سے 31دسمبر تک یوجنا پر عمل ‘ آخری موقع

اورنگ آباد 12 ستمبر(سینئر رپورٹر)شہری حدود میں واقع غیر قانونی نل کنکشن کو ریگولرائز کرنے کی غرض سے جنرل باڈی نے خصوصی ابھئے یوجنا کو منظوری دے دی۔ میونسپل انتظامیہ کے ذریعہ پیش کردہ مذکورہ قرارداد کے مطابق شہر میں 1 لاکھ 30 ہزار سے زائد غیر قانونی نل کنکشن لئے گئے ہیں ۔ اس سے قبل بھی کئی مرتبہ ابھئے یوجنا روبہ عمل لا کر غیر قانونی نل کنکشن کو ریگولرائز کرنے کی کوشش کی گئی ، لیکن متعلقہ شہریان نے انہیں کوئی اہمیت نہیں دی ۔

بلکہ غیر قانونی نل کنکشن کا تناسب بتدریج بڑھتا ہی گیا ۔ لیکن اس ضمن میں کوئی ٹھوس اور سخت اقدام نہ کئے جانے کے باعث ہائی کورٹ نے میونسپل انتظامیہ کو پھٹکار لگائی ہے ۔ لہذا ایک مرتبہ پھر خصوصی ابھئے یوجنا شروع کی گئی ہے۔ جی بی میں پیش کردہ قرارداد کے مطابق رہائشی مکانات میں لئے گئے آدھہ انچ غیر قانونی نل کنکشن سے 1000 روپئے جرمانہ اور کنکشن کے متعین چارجیز وصول کرکے انہیں ریگولرائز کیا جائے گا۔ کل گنیش اتسو کے موقع پر اس ابھئے یوجنا کا افتتاح کیا جارہا ہے۔ 31 دسمبر تک یہ ابھئے یوجنا عمل میں لائی جائے گی۔ اس کے بعد غیر قانونی نل کنکشن لینے والوں کے خلاف سخت اقدامات کئے جائیں گے۔

جرمانہ کے علاوہ ان کے خلاف پولس میں ایف آئی آر بھی داخل کی جائے گی۔ میئر نندکمار گھوڑیلے نے اس تعلق سے شہریان سے اپیل کی ہے کہ غیر قانونی نل کنکشن کو اس ابھئے یوجنا کے تحت ریگولرائز کرنے کا یہ سنہری موقع ہے۔ اس کے بعد یہ سہولت نہیں دی جائے گی۔ 31 دسمبر کے بعد متعلقین کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ 31 دسمبر کا انتظار نہ کریں، ان تین مہینوں کے دوران جلد ازجلد اپنے غیر قانونی نل کنکشن کو ابھئے یوجنا کے تحت ریگولرائز کروا لیں ۔

You might also like

Subscribe To Our Newsletter

You have Successfully Subscribed!