Published From Aurangabad & Buldhana

اورنگ آباد : شہر میں بس خدمات شروع ہونے کی ایک اور تاریخ پھر چوکی

اورنگ آباد:۔ یوم آزادی کے دن شہر کے لئے شروع کی جانے والی بس خدمات کی تاریخ پھر ایک مرتبہ بڑھادی گئی ہے۔ منتخبہ نمائندوں نے اب اس خدمت کو شروع کرنے کے لئے مزید تین ماہ کا وقت مانگا ہے۔ تاریخ کے اس بڑھانے میں بس کے حصول میں ٹینڈر کا مسئلہ بتایا جا رہا ہے۔جبکہ شہر میں بس خدمات شروع ہونے میں دیری کی وجہ سے شہریان میں بے چینی پائی جارہی ہے۔

واضح ہو کہ اورنگ آباد اسمارٹ سٹی ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمٹیڈ (ASCDCL) نے 4جون کو 100غیر ACڈیزل بسوں کے مہیاء کرانے کے لئے تجاویز مانگی تھیں۔ دو ماہ گذر جانے کے بعد آج تک اس کاروائی میں کسی قسم کا بھی اضافہ نہیں ہوا ہے۔میونسپل کارپوریشن اورنگ آبادکے مئیر نند کمار گھوڑیلے نے کہا کہ ٹینڈر کے اعلان کے بعد سے اس معاملہ میں کچھ خاص نتیجہ نہیں نکلا ہے جس کی وجہ سے بس خدمات شروع ہونے میں وقت لگ رہا ہے۔ گھوڑیلے نے کہا کہ ’’ نیلامی سے قبل کی میٹنگ میں ملک کے بڑے بس بنانے والوں میں کچھ نے حصہ لیا تھا۔ حالانکہ اس کے بعد صرف ایک ہی کمپنی نے آگے بڑھ کر ٹینڈر بھرا ہے۔ قوائد کے مطابق ہمیں نیلامی کے لئے تین مرتبہ بلانا ضروری ہے اور اس کے لئے کافی وقت لگا۔ دوبارہ نیلامی کرانے کے بعد بھی اسی کمپنی کی جانب سے جواب آیااور اب اس کا کام ایک یا دو ہفتوں میں شروع ہوجائیگا۔ہم نے کل 100بسوں کوالگ الگ مرحلوں میں خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہمیں بھروسہ ہے کہ اگلے تین ماہ میں شہر کی سڑکوں پر بسیں دوڑیں گی۔امید ہے کہ اب کوئی تاریخ نہیں چوکے گی‘‘۔

دس سال قبل بھی میونسپل کارپوریشن کی 70بسوں پر مشتمل اپنی بس خدمات تھیں جو کہ ایک نجی کمپنی کی مدد سے چلائی جارہی تھیں۔ لیکن بس خدمات میں دھیرے دھیرے نقصان ہونے لگا تھا جس کے بعد 2010میں اسے بند کردیا گیا تھا۔

You might also like

Subscribe To Our Newsletter

You have Successfully Subscribed!