Published From Aurangabad & Buldhana

انڈر 19کر کٹ عالمی کپ : بنگلہ دیش نے فائنل میں ٹیم انڈیا کو شکست دیکر پہلی دفعہ خطاب جیت تاریخ رقم کی

آئی سی سی کا یہ مسلسل دوسرا ورلڈ کپ فائنل تھا ، جو انتہائی سنسنی خیز رہا ۔ انگلینڈ میں 2019 میں کھیلے گئے ون ڈے ورلڈ کپ کی سنسنی خیزی تو تاریخ کے سنہرے اوراق میں درج ہوگئی ، ساتھ ہی ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان انڈر 19 ورلڈ کپ کا خطابی مقابلہ بھی لمحہ لمحہ شائقین کے دلوں کی دھڑکنیں بڑھاتا رہا ۔ ہر گیند کے ساتھ بدلتی بازی کے درمیان بنگلہ دیش نے ہندوستان کو تین وکٹ سے شکست دے کر پہلی مرتبہ یہ خطاب جیت کر تاریخ رقم کردی ہے ۔ بنگلہ نے بارش سے متاثرہ میچ میں ڈک ورتھ لوئس ضابطے کے تحت 42.1 اوورس میں 170 رن بناکر جیت حاصل کرلی ۔ ٹیم نے 23 گیندیں پہلے ہی مقررہ ہدف حاصل کرلیا ۔ بنگلہ دیش کی ٹیم پورے ٹورنامنٹ میں ناقابل تسخیر رہی جبکہ ٹیم انڈیا کو صرف ایک شکست فائنل میں ہی ملی ۔


بنگلہ دیش کی جیت کے ہیرو کپتان اکبر علی رہے ، جنہوں نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا ۔ ہندوستانی ٹیم کے لئے یشوسوی جیسوال کو چھوڑ کر کوئی بھی بلے باز کریز پر نہیں ٹھہر سکے ۔ ٹیم پورے 50 اوورس تک بھی نہیں کھیل پائی اور 47.2 اوورس میں 177 رن بناکر آل آوٹ ہوگئی ۔ جیسوال نے سب سے زیادہ 88 رن بنائے ۔ ٹیم کے 8 بلے باز دہائی کے ہندسہ تک بھی نہیں پہنچ سکے ۔

جواب میں بنگلہ دیش کے لئے سلامی بلے باز پرویز حسین ایمن نے 79 گیندوں پر 47 رنوں کی اننگز کھیلی ، لیکن ٹیم کو فتح کی منزل تک پہنچانے کا کام اکبر علی نے کیا ۔ علی 77 گیندوں پر 43 رن بناکر ناٹ آوٹ رہے ۔ اس اننگز میں انہوں نے چار چوکے اور ایک چھکا لگایا ۔ انہوں نے اس وقت محاذ سنبھالا جب ٹیم 14.1 اوورس میں 62 رن پر تین وکٹ گنواکر مشکل میں پھنس گئی تھی ۔ بنگلہ دیش کی ٹیم جب جیت سے 15 رن دور تھی ، تبھی بارش آگئی ، جس کے بعد ہدف کو کم کر کے 30 گیندوں پر سات رن کردیا گیا جبکہ بارش بند ہونے کے بعد بنگلہ دیش نے جیت کی رسم پوری کرلی ۔

You might also like

Subscribe To Our Newsletter

You have Successfully Subscribed!