Published From Aurangabad & Buldhana

اسرائیل کا بربریت کا سلسلہ جاری ، غزہ پر کئے ہوائی حملہ میں13فلسطینی ہلاک

غزہ پٹی: اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ پر فضائی حملے کیے جانے کے نتیجہ میں 13 فلسطینی افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ غزہ میں حماس کے تحت وزارت صحت نے بتایا کہ اسرائیلی طیاروں نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب مزاحمتی گروپ جہادِ اسلامی کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔

اسرائیلی فوج کے جارحانہ فضائی حملوں میں منگل کے روز دس فلسطینی ہلاک ہوئے تھے۔ ان میں جہاد اسلامی کے ایک کمانڈر اور ان کی اہلیہ بھی شامل ہے۔ ’العربیہ ڈاٹ نیٹ‘ کی رپورٹ کے مطابق ان پر اسرائیلی فوج نے غزہ پٹی میں اہدافی حملہ کیا تھا۔ اسرائیل نے جہادِ اسلامی کے کمانڈر عطا پر اپنے علاقے کی جانب حال ہی میں ایک راکٹ داغنے کا الزام عائد کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ غزہ پٹی پر مزید فضائی حملوں کی تیاری کر رہا ہے۔

عطا کی ہلاکت کے بعد فلسطینی مزاحمتی تنظیموں نے اسرائیل کی جانب متعدد راکٹ داغے تھے اور اس کے جواب میں اسرائیلی طیاروں نے غزہ پر تباہ کن بمباری کی۔

ادھر، اسرائیل کے شدت پسند وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے ایک بیان میں کہا ہے کہ غزہ پٹی پر بمباری کا تازہ سلسلہ کچھ وقت تک جاری رہے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ غزہ پٹی میں اسلامی جہاد کے جس کمانڈر کو قاتلانہ حملے میں مار دیا گیا ہے وہ اسرائیل پر نئے حملوں کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔ نیتن یاہو نے کہا کہ غزہ پٹی سے اسرائیل پر داغے جانے والے میزائلوں اور راکٹوں کے پیچھے ابو العطاء کا ہاتھ تھا اور اسی وجہ سے اسے ’ٹائم بم‘ قرار دیا جاتا تھا۔

اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ کی سرحد پر ریزرو فوج کے دستے اور ٹینک پہنچا دیئے گئے ہیں اور سمندری حدود میں ماہی گیری پر بھی پابندی عاید کردی گئی ہے۔

درایں اثناء یورپی یونین نے اسرائیل سے غزہ کی پٹی پر مسلط کی گئی جارحیت فوری روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ یورپی ممالک نے غزہ اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے اگر یہ جنگ طول پکڑ گئی تو اس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان کا اندیشہ ہے۔

یورپی یونین کی خارجہ امور کی ترجمان فیڈریکا موگیرینی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فلسطینی اور اسرائیلی شہریوں کی جانوں کے تحفظ کے لیے غزہ پر جارحیت کا خاتمہ ضروری ہے۔

قومی آوازبیورو

You might also like

Subscribe To Our Newsletter

You have Successfully Subscribed!