Published From Aurangabad & Buldhana

آئی سی سی کا اجلاس : ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بارے میں فیصلہ 10 جون تک مؤخر

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اس سال آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بارے میں فیصلہ دس جون کے سالانہ اجلاس تک مؤخر کردیا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اس برس اٹھارہ اکتوبر سے پندرہ نومبر تک ہونا ہے۔

جمعرات کو ٹیلی کانفرنس کے ذریعے ہونے والے آئی سی سی کے اجلاس کے ایجنڈے کو جون کے اجلاس تک مؤخر کردیا گیا تاہم اس اجلاس میں متعدد اراکین کی جانب سے یہ نکتہ اٹھایا گیا کہ آئی سی سی کے معاملات کو صحیح طور پرچلانے کے لیے اس میں رازداری سب سے مقدم ہے۔ جس پر آئی سی سی کے ایتھکس آفیسر کی سربراہی میں آزادانہ تحقیقات کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ چند روز سے ذرائع ابلاغ میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کو ملتوی کیے جانے سے متعلق خبریں گردش کررہی تھیں تاہم بدھ کے روز آئی سی سی نے ان خبروں کی تردید کی تھی۔ آئی سی سی کی فنانس اینڈ کمرشل افیئرز کمیٹی نے 22 مئی کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ملتوی ہونے کی صورت میں متبادل امکانات پر غور مکمل کر لیا تھا۔

You might also like

Subscribe To Our Newsletter

You have Successfully Subscribed!